ٹیرر لنک: دہلی اور پنجاب سے لے کر اتراکھنڈ تک گینگسٹروں کے 50 مقامات پر این آئی اے کی چھاپہ ماری

نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے دہشت گردی کے تعلق (ٹیرر لنک) کے حوالہ سے ملک بھر میں کئی گینگسٹرز کے ٹھکانوں پر چھاپے ماری شروع کی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے دہشت گردی کے تعلق (ٹیرر لنک) کے حوالہ سے ملک بھر میں کئی گینگسٹرز کے ٹھکانوں پر چھاپے ماری شروع کی ہے۔ اے بی پی نیوز کے مطابق جانچ ایجنسی کی یہ کارروائی دہلی سمیت 50 مقامات پر کی جا رہی ہے۔ این آئی اے ہندوستان اور بیرون ملک مقیم دہشت گردوں، گینگسٹروں اور منشیات کے اسمگلروں کے درمیان بڑھتے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لئے کارروائی کر رہی ہے اور پنجاب سے لے کر ہریانہ، راجستھان، دہلی-این سی آر خطے تک چھاپے مار رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک چھاپوں میں متعدد ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ دہلی پولیس نے ماضی میں یو اے پی اے کے تحت دو معاملے درج کیے تھے، ان ہی معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے این آئی اے نے کارروائی کی ہے۔ دراصل تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بیرون ملک بیٹھے گینگسٹرز اور ہندوستان کی مختلف جیلوں میں بند گینگسٹرز الگ الگ سطح کا اپنا نیٹ ورک چلا رہے ہیں اور مسلسل جرائم کو انجام دے رہے ہیں۔


رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ان گینگسٹرز کے دہشت گرد تنظیموں سے بھی تعلقات ہیں۔ یہ گینگسٹر سائبر اسپیس کا استعمال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا رہے تھے اور واقعات کی تشہیر کر رہے تھے۔ اس کے ساتھ بیرون ملک فرار ہونے والے گینگسٹرز پاکستان، کینیڈا، ملائیشیا، آسٹریلیا جیسے ممالک سے بھی گروہ چلا رہے ہیں۔

یہ گروہ منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے ذریعے مجرمانہ سرگرمیاں انجام دینے کے لیے فنڈز بھی اکٹھا کر رہے تھے۔ ان کے پورے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے آج این آئی نے پنجاب کے فاضل کا، فرید کوٹ، مکتسر صاحب، موگا، ترن تارن، امرتسر، لدھیانہ، چنڈی گڑھ، موہالی اضلاع، ہریانہ کے گروگرام، یمنا نگر، سونی پت اور جھجر، راجستھان کے ہنومان گڑھ اور گنگا نگر اضلاع اور دہلی/این سی آر کے دوارکا، بیرونی شمال، شمال مشرق، شمال مغرب اور شاہدرہ سمیت 50 مقامات پر چھاپے مارے۔


رپورٹ کے مطابق این آئی اے نے تلاشی کے دوران 6 پستول، ایک ریوالور، ایک شاٹ گن اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایجنسی نے منشیات، نقدی، مجرمانہ دستاویزات، الیکٹرانک آلات، بے نامی جائیداد کے کاغذات، دھمکی آمیز خطوط بھی ضبط کیے ہیں۔ الزام ہے کہ جموں و کشمیر میں دہشت پھیلانے کے لیے دہشت گردوں تک بیرون ملک سے پیسہ پہنچایا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی اداروں کی نظریں اس نیٹ ورک پر مرکوز ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔