یوپی: مظفرنگر میں برڈ فلو کی تصدیق سے دہشت! کئی اضلاع میں ہائی الرٹ

ڈاکٹر سنجیو نے بتایا کہ نومبر اور جنوری کے درمیان عام دنوں کے مقابلے میں 10 سے 15 فیصد پرندے ٹھنڈ میں مرجاتے ہیں۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

عمران خان

مظفرنگر: ملک کی کئی ریاستوں کے بعد اب مغربی اتر پردیش میں بھی برڈ فلو نے دستک دے دی ہے۔ ضلع مظفرنگر کے گاؤں قطب پور میں مردہ حالت میں پائے گئے کچھ کوؤں میں اس مہلک بیماری کی تصدیق کی گئی ہے۔ نمونوں کو جانچ کے لئے بریلی میں واقعہ انڈین ویٹرنری اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی وی آر آئی) بھیجا گیا تھا، جہاں سے برڈ فلو کی تصدیق کر دی گئی۔ برڈ فلو کے پیش نظر سینٹرل برڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی اے آر آئی) میں ایک نئے ڈائریکٹر کو تعینات کیا گیا ہے۔

قطب پور گاؤں میں بدھ کے روز 11 کووے مردہ حالت میں برآمد ہوئے تھے جن کے نمونے چیف ویٹرنری آفیسر (سی وی او) کی جانب سے جانچ کے لئے آئی وی آر آئی لیب کو بھیجے گئے تھے۔ یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق بریلی کے آئی وی آر آئی کے انچارج پرنسپل سائنسدان و لیب انچارج ڈاکٹر وی کے گپتا نے بتایا کہ مظفر نگر سے آئے کوؤں کے نمونوں کی جانچ پڑتال میں برڈ فلو کا انفیکشن پایا گیا ہے۔ اس کی رپورٹ مظفر نگر انتظامیہ کو ارسال کردی گئی ہے۔ ادھر، پیلی بھیت میں پورن پور سے آئے مرغیوں کے نمونوں کی جانچ میں برڈ فلو کا انفیکشن پایا گیا تھا۔


حیدرپور برڈ سنچری سیاحوں کے لئے بند

مظفرنگر کی ضلع مجسسٹریٹ سیلوا کماری نے بتایا کہ متاثرہ علاقہ کی نگرانی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات نے بھی حیدرپور ویٹ لینڈ (برڈ سنچری) کو ہفتہ کے روز سے سیاحوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ یہاں پر بڑی تعداد میں مہاجر پرندے آئے ہوئے ہیں، جنہیں دیکھنے کے لئے کافی تعداد میں لوگ حیدرپور ویٹ لینڈ پہنچتے ہیں۔

گوشت کی تمام دکانیں بند کرنے کا حکم

دریں اثنا، قطب پور سے ملحقہ گاؤں اور قصبوں میں گوشت کی تمام دکانیں بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان میں مرغا، مچھلی کے علاوہ بھینس کے گوشت کی دکانیں بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے گشت لگا کر تمام چکن اور بیف کی دکانوں کو بند کرایا ہے۔ قصبہ میرانپور میں دکان بند کرانے والے پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی طرف سے تمام دکانیں بند کرانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں اور وہ اسی پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔


میرٹھ میں ہائی الرٹ

مظفرنگر میں برڈ فلو کی تصدیق ہونے کے بعد میرٹھ سمیت کئی اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ میرٹھ کے سی ای او ڈاکٹر انل کنسل نے بتایا کہ ویٹرنری میڈیکل ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف پولٹری فارموں اور دیگر مقامات سے 43 نمونوں کو جانچ کے لئے بریلی لیب کو بھیجا ہے، تاہم ابھی تک میرٹھ میں برڈ فلو کے کسی معاملہ کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

سردیاں پرندوں کے لئے خطرناک

سینٹرل برڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سائنس دان ڈاکٹر سنجیو کمار نے کہا کہ برڈ فلو ہی نہیں پرندوں کے لئے سردی کا موسم بھی خطرناک ہوتا ہے۔ سردیوں میں برونکائٹس، رانی کھیت اور کرانک رسپیریٹری ڈیزیز کے معاملے بڑھ جاتے ہیں۔ یہ بیماری مرغی اور دوسرے پرندوں کے پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوتی ہے۔


یہ تینوں بیماریاں پرندوں سے انسانوں تک نہیں پہنچ پاتی ہیں۔ اس لئے عام لوگوں میں اس پر بحث کم ہوتی ہے۔ جبکہ برڈ فلو سے انسان بھی متاثر ہوتے ہیں کیونکہ اس کا وائرس زیادہ خطرناک ہے۔ ڈاکٹر سنجیو نے بتایا کہ نومبر اور جنوری کے درمیان عام دنوں کے مقابلے میں 10 سے 15 فیصد پرندے ٹھنڈ میں مرجاتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔