پٹنہ میں خوفناک حادثہ، ’شرادھ‘ کا کھانا بنانے کے دوران سلنڈر دھماکہ، 50 افراد جھلسے، کئی لوگوں کی حالت سنگین

سلنڈر دھماکہ ہوتے ہی گھر میں آگ لگ گئی اور پھر اس نے قریب کے 6 گھروں کو اپنی زد میں لے لیا، مقامی لوگوں نے فوراً اس حادثہ کی اطلاع فائر بریگیڈ دستہ کو دی جس نے مشقت کے بعد اس آگ پر قابو پایا۔

<div class="paragraphs"><p>سلنڈر دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

سلنڈر دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بہار کی راجدھانی پٹنہ میں آج اس وقت خوفناک حادثہ پیش آیا جب ایک گھر میں ’شرادھ‘ کا کھانا بنانے کے لیے استعمال کیے گئے سلنڈر میں دھماکہ ہو گیا۔ شرادھ کی وجہ سے گھر کے لوگوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری تھا، کہ اچانک سلنڈر میں آگ لگ گئی اور اس میں دھماکہ ہو گیا۔ اس حادثہ میں تقریباً 50 افراد جھلس گئے ہیں، جن میں سے کئی لوگوں کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ حادثہ پٹنہ ضلع کے مسوڑھی تھانہ کے تحت واقع چپور گاؤں کا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سَنت پاسوان کے گھر میں شرادھ کا عمل تقریباً ختم ہو چکا تھا۔ آج صبح سَنت پاسوان کی بیٹی خوشبو (12 سال) چھوٹے سلنڈر پر کھانا بنا رہی تھی، تبھی اچانک گیس سلنڈر میں رساؤ ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے سلنڈر میں آگ لگ گئی۔ اس آگ سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا اور اس سے پہلے کہ کوئی کچھ کرتا، سلنڈر میں دھماکہ ہو گیا۔


بتایا جاتا ہے کہ اس سلنڈر دھماکہ کی وجہ سے پورے گھر میں آگ پھیل گئی اور پھر اس نے اپنے قریب کے 6 گھروں کو بھی زد میں لے لیا۔ مقامی لوگوں نے اس حادثہ کی خبر پولیس اور فائر بریگیڈ دستہ کو دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ کا دستہ بھی جائے حادثہ پر پہنچا اور آگ بجھانے کے کام میں مصروف ہو گیا۔ کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا، لیکن اس دوران تقریباً 50 افراد جھلس گئے۔ پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو پی ایچ سی اور پرائیویٹ اسپتالوں میں داخل کرایا گیا جہاں سبھی کا علاج چل رہا ہے۔

اس حادثہ میں 6 گھر بری طرح جل گئے ہیں اور اس میں رکھے سامان بھی خاک ہو گئے ہیں۔ آگ اس قدر تیزی سے پھیلی کہ لوگوں کو اپنا سامان باہر نکالنے کا موقع بھی نہیں ملا۔ ایک اندازہ کے مطابق لاکھوں کی ملکیت اس آگ کی نذر ہو گئی اور کچھ کنبوں کے سامنے تو بھکمری والی نوبت پیدا ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔