مغربی ایشیا میں کشیدگی کا اثر ہندوستان میں مزدوروں پر پڑنے لگا، کانگریس مودی حکومت پر حملہ آور

گجرات کے سورت شہر سے بڑی تعداد میں مزدور اپنے اپنے گاؤں کے لیے لوٹ رہے ہیں۔ ریلوے اسٹیشنوں پر مزدور طبقہ کی بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے، کیونکہ ایل پی جی قلت کے سبب کاروبار ٹھپ پڑ گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ایل پی جی کی قلت سے متاثر مزدور گجرات سے اپنے اپنے گاؤں لوٹتے ہوئے، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

’’کورونا بحران میں مزدوروں کی ہجرت یاد ہے؟ لوگ بھوکے پیاسے اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے۔ اب ملک میں ایل پی جی کی قلت کے سبب لوگ پھر سے اپنا کام دھندا چھوڑ کر گھر لوٹنے کو مجبور ہیں۔‘‘ یہ بیان کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کردہ ویڈیو کے ذریعہ دیا ہے۔ ویڈیو میں پہلے کورونا بحران کے وقت کی تصویر دکھائی گئی ہے، اور پھر بعد میں گجرات کے ریلوے اسٹیشن پر موجود بھیڑ کا نظارہ دکھایا گیا ہے۔ یہ بھیڑ سورت کے مزدوروں کی ہے جو ایل پی جی قلت کے سبب فیکٹریاں بند ہونے اور کاروبار ٹھپ ہونے کے سبب اپنے اپنے گاؤں کو لوٹ رہے ہیں۔ یعنی مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کا اثر ہندوستان میں مزدور طبقہ پر پڑنا شروع ہو گیا ہے۔

اس ویڈیو نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے وزراء کے اس بیان کو خارج کر دیا ہے، جس میں بتایا جا رہا تھا کہ ایل پی جی بحران محض گمراہی اور غلط خبروں کی وجہ سے ہے۔ ویڈیو میں نامہ نگاروں کو کچھ مزدوروں سے بات کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ ایک مزدور کہتا ہے ’’3 دنوں سے ایک ہی وقت کھا رہے تھے، اسی لیے گاؤں جا رہے ہیں۔‘‘ دوسرے مزدور نے کہا کہ ’’گیس مہنگا ہو گیا ہے، 400 روپے کلو، اس لیے گاؤں جا رہے ہیں۔‘‘ مزدور یہ بھی بتاتا ہے کہ اس کے ساتھ خواتین اور بچے سمیت تقریباً 10 لوگ گاؤں جا رہے ہیں۔ ایک تیسرا مزدور بولتا ہے کہ ’’گیس مہنگا ہو چکا ہے تو کیا کریں۔ لکڑی پر تو بنانے دیں گے نہیں، کوئی انتظام تو دیکھنا پڑے گا نہ!‘‘


کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے کچھ میڈیا اداروں کی کلپنگ شیئر کی ہے، جس میں لوگ اپنی حالت زار بیان کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ان کی پریشانیوں کو دیکھ کر کانگریس نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایک ویڈیو میں مشکل حالات کا سامنا کر رہا ایک شخص کہتا ہے ’’3 دن سے ایک ہی ٹائم کھانا کھا رہے تھے، اس لیے گاؤں لوٹ رہے ہیں۔‘‘ یہ بیان سامنے رکھنے کے بعد کانگریس نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’یہ ایل پی جی کی قلت سے نبرد آزما غریبوں کا درد ہے، جنھیں نریندر مودی نے ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے۔ لوگ بہت پریشان ہیں۔ گیس نہ ملنے سے کام دھندا چھوڑ کر بھوکے پیاسے گجرات سے اپنے گھر لوٹنے کو مجبور ہیں۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں کانگریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’مودی حکومت کو شرم آنی چاہیے۔‘‘

ایک دیگر ویڈیو کلپ میں گیس کی قلت سے پریشان ہو کر گھر لوٹنے کو تیار مزدور نے کہا کہ ’’یہاں گیس نہیں مل رہی ہے۔ ہم 4 دنوں سے بھوکے ہیں، اس لیے گاؤں جا رہے ہیں۔‘‘ اس مزدور کی تکلیف پر کانگریس نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’گیس کی قلت نے پورے ملک کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ گجرات سے لوگ اپنی بسی بسائی دنیا اور کام چھوڑ کر اپنے گاؤں لوٹ رہے ہیں۔‘‘ کانگریس نے بی جے پی حکومت کے تئیں اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’حالات بہت خراب ہیں اور حکومت نے ذمہ داری سے پلّہ جھاڑ لیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔