ایل او سی پر کشیدگی برقرار، گولہ باری سے ایک خاتون ہلاک، دیگر 2 افراد زخمی

جموں و کشمیر کے پونچھ و راجوری اضلاع میں لائن آف کنٹرول پر جمعرات کو ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ دیگر دو افراد زخمی ہوئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں و کشمیر کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں لائن آف کنٹرول پر جمعرات کو ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ دیگر دو افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ایک آف ڈیوٹی فوجی اہلکار بھی شامل ہے۔

دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے منکوٹ، کرشنا گھاٹی، سندربنی، کھاری کرمارا اور دگوار سیکٹروں میں بھارتی فوج کی چوکیوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بناکر مارٹر گولے داغے گئے اور ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج نے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا۔

تاہم دفاعی ذرائع کے مطابق منکوٹ سیکٹر میں شدید گولہ باری کی وجہ سے ایک 32 سالہ خاتون ہلاک جبکہ دیگر دو افراد زخمی ہوئے۔ مہلوک خاتون کی شناخت چھال جل مینڈھر کی رہنے والی 32 سالہ آمینہ اختر کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں کی شناخت ذاکر حسین اور نسیمہ اختر ساکنہ نار منکوٹ کے طور پر ہوئی ہے۔

زخمیوں میں سے ذاکر حسین فوج میں لانس نائیک ہے۔ وہ چھٹی پر اپنے گھر آیا ہوا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک مارٹر شیل ذاکر حسین کے مکان کے صحن میں گرآیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوئے۔ انہیں فوری طور پر سب ضلع اسپتال مینڈھر لے جایا گیا۔

دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے سہ پہر قریب تین بجے پونچھ اور راجوری اضلاع میں ایل او سی کے منکوٹ، سندر بنی، کھاری کراما اور دگوار سیکٹروں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج نے پاکستانی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا۔

جموں کے سرحدی علاقوں میں تعلیمی ادارے بند

ادھر، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث جموں کے سرحدی علاقوں میں جمعرات کو تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھا گیا جبکہ مختلف جماعتوں کے امتحانات کو بھی ملتوی کیا گیا۔

ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ جموں میں بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول سے پانچ کلومیٹر کے اندر اندر آنے والے علاقوں میں تمام تعلیمی اداروں کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر احتیاطی طور بند رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ جمعرات کی شام کو لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آٹھویں اور نویں جماعت کے امتحانات کو ملتوی کیا گیا ہے جبکہ یکم اور دوم مارچ کو ہونے والے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات بھی تا حکم ثانی ملتوی کئے گئے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ امتحانات منعقد کرنے کی نئی تاریخوں کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔ دریں اثنا پولیس حکام نے بے بنیاد افواہیں پھیلانے والوں اور غیر مصدق رپورٹوں کا شکار نہ بننے کے لئے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔