پرتاپ گڑھ: محرم جلوس میں رخنہ اندازی کی کوشش

پرتاپ سنگھ عرف راجا بھیا کے والد راجہ ادے پرتاپ سنگھ شیخ پور عاشق پور گاوں میں واقع ہنومان مندر پر آج بھنڈارا کرنے کی تیاری کررہے تھے جبکہ مندر کے راستے سے محرم کا جلوس نکلتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پرتاپ گڑھ: اترپردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ میں محرم کے جلوس کے پیش نظر کنڈا سے رکن اسمبلی رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا کے والد ادے پرتاپ کو احتیاطی طورپر جمعہ کو نظربند کردیا گیا کیونکہ ان کے ذریعہ محرم کے جلوس میں رخنہ اندازی کی کوشش کی جا رہی تھی۔

سرکار ی ذرائع نے بتایا کہ ضلع میں کوتوالی کنڈا کے شیخ پور عاشق گاوں کی تمام سرحدیں سیل کردی گئی ہیں اور بھدری ریاست کے راجہ ادے پرتاپ سنگھ کو پولیس کے پہرے میں ان کی رہائش گاہ راج محل میں آج صبح سے شام تک کے لئے نظربند کردیا گیا۔

ڈپٹی ضلع مجسٹریٹ کنڈا وجے پال نے آج بتایا کہ راجہ ادے پرتاپ سنگھ اس وقت اپنے راج محل کے اندر موجود ہیں اور آج وہ محل سے باہر نہیں نکلیں گے۔

پرتاپ سنگھ عرف راجا بھیا کے والد راجہ ادے پرتاپ سنگھ شیخ پور عاشق پور گاوں میں واقع ہنومان مندر پر آج بھنڈارا کرنے کی تیاری کررہے تھے جبکہ مندر کے راستے سے محرم کا جلوس نکلتا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے گزشتہ دو برسوں سے ہنومان مندر پربھنڈارے پر روک لگا رکھی ہے۔

گزشتہ برس بھی راجہ ادے پرتاپ سنگھ کو ہاوس اریسٹ کیا گیا تھا ۔ اس برس بھی ممکنہ بھنڈارے کے پیش نظر کل جمعرات کی شام ساری تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔امن و قانون نظام قائم رکھنے کے لئے کنڈا میں تین پلاٹون پی اے سی کے ساتھ ایک ایس ڈی ایم، دو اے ایس پی، دو سی او سمیت 200پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ کنڈا قصبہ پولیس چھاونی میں تبدیل ہوگیا ہے۔ آج ہی ہنومان مندر کے راستے سے محرم کا جلوس نکلے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔