کانپور جیل کے 10 قیدی کورونا سے متاثر، یوپی حکومت کی نئی رہنما ہدایات جاری

ملک بھر میں کورونا وائرس کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے اور اتر پردیش میں بھی کورونا کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دریں اثنا کانپور جیل میں 10 قیدی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانپور: ملک بھر میں کورونا وائرس کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے اور اتر پردیش میں بھی کورونا کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دریں اثنا کانپور جیل میں 10 قیدی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ قیدیوں میں کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہو رہی ہیں، تاہم انہیں کورونا کے ٹیسٹ میں مثبت پایا گیا ہے۔ تمام قیدیوں کو پازیٹو پائے جانے پر جیل میں ہی واقع ایل-1 لیول اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ اطلاع جیل سپرنٹنڈنٹ نے فراہم کی۔

کانپور میں کورونا کے فعال معاملوں کی تعداد 91 ہے۔ یہاں پر اب تک مجموعی طور پر 33125 متاثرین پائے گئے ہیں۔ اس وقت ہیلٹ اسپتال کے میٹرنٹی ونگ کووڈ اسپتال میں 14 متاثرین داخل ہیں۔ ان میں ایک آکسیجن کی سپورٹ پر ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیموں نے 3885 نمونوں کو جانچ کے لئے بھیجا ہے۔


ریاست میں بڑھتے کرونا کے معاملوں کے پیش نظر حکومت کی جانب سے نئی رہنما ہدایات جاری کی گئی ہیں، جس کے مطابق جن ریاستوں میں کورونا کے متاثرین مل رہے ہیں وہاں سے اتر پردیش آنے والے مسافروں کی اب کورونا جانچ کی جائے گی۔ اتر پردیش کے چیف سکریٹری آر کے تیواری نے کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں سے آنے والے مسافروں کی ایئرپورٹ اور ریلوے اسٹیشنوں پر جانچ کی ہدایت دی ہے۔

رہنما ہدایات کے مطابق، کورونا سے متاثرہ ریاستوں سے آنے والے مسافروں کا ایئرپورٹ اور ایلوے اسٹیشن پر اینٹی جن ٹیسٹ کرایا جائے گا اور علامات ظاہر ہونے پر آر ٹی پی سی آر کا نمونہ لیا جائے گا اور انہیں جانچ کے لئے لیب میں بھیجا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */