احمد نگر کے اسپتال میں خوفناک آتشزدگی ،10 مریض ہلاک

اسپتال کے عملے نے بتایا کہ آگ انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں تقریباً 11.30 بجے لگی اور تیزی سے پورے کمرے میں پھیل گئی۔ کمرے میں تقریباً 25 کووڈ مریض داخل تھے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

مہاراشٹر کے احمد نگر کے سول اسپتال میں ہفتہ کو شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگنے سے دس مریض ہلاک اور دس سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ احمد نگر کے ضلع مجسٹریٹ راجیندر بھوسلے نے فون پر یواین آئی کو بتایا کہ حادثہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوا۔

اسپتال کے عملے نے آج یہاں بتایا کہ آگ انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں تقریباً 11.30 بجے لگی اور تیزی سے پورے کمرے میں پھیل گئی۔ کمرے میں تقریباً 25 کووڈ مریض داخل تھے۔


مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔سات فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے احمد نگر اسپتال میں حادثے میں مریضوں کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کی ہے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ’’مہاراشٹر کے احمد نگر کے سول اسپتال میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے حادثے سے بہت تکلیف ہوئی ہے۔ غم کی اس گھڑی میں میری تعزیت سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے اور میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہوں۔


حکام نے بتایا کہ مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

مہاراشٹر حکومت کے وزیر حسن مشرف نے کہا کہ اس واقعے میں دس افراد کی المناک موت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اگر غفلت پائی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔مشرف احمد شہر کے نگراں وزیر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔