جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں کھائی میں گرا ٹیمپو ٹریولر، 7 لوگوں کی موت کا اندیشہ، کئی زخمی

عینی شاہدین کے مطابق جائے حادثہ پر کئی لاشیں بکھری نظر آئیں۔ متاثرین کو کھائی سے نکالنے اور ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پولیس ٹیم تیزی سے کام کر رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب/یوٹیوب</p></div>

ویڈیو گریب/یوٹیوب

user

قومی آواز بیورو

جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں منگل کو ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔ یہاں بھارت مارگ پر ایک ٹیمپو ٹریولر بے قابو ہوکر کھائی میں گر گیا۔ اس حادثے میں گاڑی پوری طرح تباہ ہو گئی۔ اس واقعہ میں کئی لوگوں کے مارے جانے کا اندیشہ ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق جائے حادثہ پر کئی لاشیں بکھری نظر آئیں۔ موقع پر ایمبولنس اور پولیس سمیت بچاؤ ٹیم پہنچ چکی ہے۔

حادثہ کے سلسلے میں ایک افسر نے بتایا کہ منگل کو ڈوڈہ-براتھ راستے پر پونڈا علاقے میں ایک سڑک حادثہ ہوا جب JK06-4847 رجسٹریشن نمبر والا ایک ٹیمپو ٹریولر سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گرا۔ اس حادثے میں تقریباً 7 لوگوں کے مارے جانے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا جبکہ 10 سے 15 افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔ حالانکہ مہلوکین اور زخمیوں کی صحیح تعداد کی ابھی تصدیق ہونی باقی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کے وقت گاڑی میں کئی مسافر سوار تھے۔


حادثے کے بعد مقامی پولیس اور رضاکاروں کے ذریعہ فوری طور پر راحت و بچاؤ مہم شروع کر دی گئی اور افسروں نے متاثرین کو کھائی میں سے نکالنے اور ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تیزی سے کام کیا۔ افسروں نے بتایا کہ بچاؤ مہم ختم ہونے اور متاثرین کی شناخت پوری ہونے کے بعد مزید تفصیلات بتائی جائیں گی۔

فی الحال حادثے کی اصل وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ انتظامیہ نے حادثے کے اسباب کی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ ابتدائی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یا تو گاڑی کا بریک فیل ہو گیا ہوگا یا ڈرائیور نے گاڑی پر سے توازن کھو دیا ہوگا، لیکن تصدیق جانچ کے بعد ہی ہو پائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔