کشمیر میں درجہ حرارت صفر سے نیچے، شمالی ہندوستان کہرے کی لپیٹ میں، جنوبی ہند میں بارش جاری
کشمیر میں شدید سردی، سری نگر کا درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری جبکہ پہلگام کا منفی 4.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ۔ شمالی ہند میں گھنے کہرے سے نظامِ زندگی متاثر، جنوبی ہند میں بارش کا سلسلہ جاری

فائل تصویر، یو این آئی
دہلی-این سی آر سمیت پورے شمالی ہند میں ٹھنڈ کا ہلکا احساس تو ہو رہا ہے لیکن فی الحال کڑاکے کی سردی پڑتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی۔ جہاں ایک طرف دہلی این سی آر میں شدید ٹھنڈ کے آنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے وہیں کشمیر، لداخ کے اونچے علاقوں میں برفباری کے ساتھ سرد لہر تیز ہو گئی ہے۔
وادیٔ کشمیر کے زیادہ تر حصوں میں رات کا درجہ حرارت صفر سے نیچے بنا ہوا ہے۔ سری نگر میں درجہ حرارت صفر سے 2.2 ڈگری نیچے درج کیا گیا جبکہ پہلگام میں سب سے ٹھنڈا موسم رہا جہاں رات میں درجہ حرارت صفر سے 4.8 ڈگری نیچے رہا۔ موسم سائنس دانوں نے پہلے ہی لانینا کے اثر کی وارننگ دے دی ہے۔ گلمرگ کا درجہ حرارت 2.9- ڈگری سیلسیس کے ساتھ وادی کا سب سے ٹھنڈا علاقہ بنا رہا۔
جموں و کشمیر میں ٹھنڈ نے اپنا دبدبہ قائم کرنا شروع کر دیا ہے۔ کوکرناگ کو چھوڑ کر سبھی موسم مراکز نے رات کا درجہ حرارت صفر سے نیچے درج کیا۔ سری نگر کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سیلسیس رہا جبکہ کازی گنڈ میں 2.2- ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے کشمیر میں رات کے درجہ حرارت میں کمی آنے کی امید ظاہر کی ہے۔ وہیں دوسری طرف ہماچل پردیش میں برفباری کے آثار نظر آ رہے ہیں۔
آئی ایم ڈی کے مطابق جمعرات کو بنگلورو میں جزوی طور سے بادل چھائے رہنے اور ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس سے 25 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کی پیش گوئی ہے۔ جنوبی کنڑ، اوڈپی اور چک منگلور ضلعوں میں بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ شمالی کنڑ اور گڈگ اور ہاویری جیسے دیگر ضلعوں میں 8 دسمبر تک ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پورے ملک میں موسم کا مزاج رفتہ رفتہ تبدیل ہو رہا ہے۔ کئی ریاستوں میں گھنا کہرا ہے تو جنوبی ہند میں بارش ہو رہی ہے۔ اتر پردیش، بہار، راجستھان اور آس پاس کے علاقوں میں دن میں دھوپ نکلی ہے لیکن صبح اور شام کو گھنا کہرا ہونے کے بعد ٹھنڈ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔