تلنگانہ: کورونا کی دوسری لہر، چوکسی اور احتیاطی اقدامات کیے جائیں... چندرشیکھرراو

راؤ نے کہا کہ ریاست میں کووڈ-19 کی دوسری لہر کے ابھرنے کے پیش نظر درکار کارروائی اور اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے عوام کو تجویز پیش کی کہ وہ محتاط رہیں اور خود کے تحفظ کے رہنمایانہ خطوط پر عمل کریں۔

چندرشیکھرراو، تصویر آئی اے این ایس
چندرشیکھرراو، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

حیدرآباد: وزیراعلی تلنگانہ چندرشیکھرراو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام درکار احتیاطی اقدامات کریں کیوں کہ بعض ریاستوں میں کووڈ-19 کے معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کووڈ-19 کی دوسری لہر کے ابھرنے کے پیش نظر درکار کارروائی اور اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے عوام کو تجویز پیش کی کہ وہ محتاط رہیں اور خود کے تحفظ کے رہنمایانہ خطوط پر عمل کریں۔ شخصی تحفظ کی برقراری کووڈ-19 کی بہترین دوا ہے۔

وزیراعلی نے پرگتی بھون میں گزشتہ روز ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں چیف سکریٹری سومیش کمار، پرنسپل سکریٹری صحت و طبابت علی مرتضیٰ رضوی، پرنسپل سکریٹری دفتر چیف منسٹر ایس نرسنگ راو، سکریٹری سبیتا سبھروال، پرنسپل سکریٹری فینانس راماکرشناراو، ڈائریکٹر صحت و طبابت سرینواس راو، ڈائریکٹر طبی تعلیم رمیش ریڈی اور کووڈ-19 پر ماہرین کی کمیٹی کے رکن گنگادھر نے بھی شرکت کی۔


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں صورتحال معمول پر واپس ہو رہی ہے۔ تلنگانہ ریاست میں کووڈ-19 کے معاملات میں کمی ہو رہی ہے۔ ریاست میں زیادہ معائنے کرنے کے باوجود مثبت معاملات دس فیصد سے کم ہیں۔ روبہ صحت ہونے کی شرح 94.5 فیصد ہے۔ اگرچہ لوگ کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں تاہم اموات کی شرح کافی کم ہے لیکن حکومت چوکس ہے اور تمام مناسب احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ریاست بھر میں 10 ہزار بستروں کو آکسیجن کی سہولت کے ساتھ تیار رکھا گیا ہے۔ ہم اس تعداد میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ آج کی تاریخ تک صورتحال قابو میں ہے۔

دہلی، راجستھان، مہاراشٹرا اور مدھیہ پردیش ریاستوں میں کورونا کے معاملات میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے جب کہ کیرالا اور کرناٹک میں ان معاملات میں قدرے اضافہ ہوا ہے۔ اس بات کا اندازہ لگایا جارہا ہے کہ کووڈ-19 کی دوسری لہر ابھر سکتی ہے۔ ریاست اس سے نمٹنے کے موقف میں ہونی چاہیے۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو چوکس اور تیار رہنا چاہے۔ اس کے لئے درکار انتظامات کیے جائیں۔ ریاستی حکومت تمام تر مساعی کرے گی اور اقدامات بھی کیے جائیں گے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلنے سے روکا جاسکے تاہم اس کے لئے عوام سے مدد کی ضرورت ہے۔ اگرچہ ان لاک کا عمل جاری ہے تاہم لوگوں کو چوکس رہتے ہوئے ماسک پہننا اور تمام رہنمایانہ خطوط پر عمل کرنا چاہیے۔ وزیراعلی نے انکشاف کیا کہ کووڈ-19 کے ٹیکے کی دستیابی کے بعد یہ ٹیکہ نگہداشت صحت کے ورکرس کو پہلے فراہم کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔