تلنگانہ: بی آر ایس کی میٹنگ کے دوران آتش بازی سے سلنڈر میں دھماکہ، ایک شخص کی موت، 8 افراد زخمی

حادثہ بدھ کے روز کریپلی واقع چیملپاڈو میں اس وقت ہوا جب بی آر ایس کی ایک میٹنگ کے دوران کھمم سے رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشور راؤ سمیت پارٹی لیڈران کے استقبال کے لیے پارٹی کارکنان نے پٹاخے پھوڑے۔

<div class="paragraphs"><p>آتش بازی، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

آتش بازی، علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

تلنگانہ کے کھمم ضلع میں برسراقتدار بی آر ایس کی ایک میٹنگ کے دوران آتش بازی کے سبب آگ لگ گئی جس سے وہاں قریب میں رکھے ایک سلنڈر میں دھماکہ ہو گیا۔ اس دھماکہ کی زد میں آنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی اور 8 دیگر لوگ سنگین طور پر زخمی ہو گئے۔ سبھی زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔

حادثہ بدھ کے روز کریپلی کے چیملپاڈو میں پیش آیا جہاں بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کی چل رہی میٹنگ کے دوران پارٹی کے کچھ کارکنان نے پٹاخے پھوڑے۔ جلتے پٹاخوں میں سے ایک کی چنگاری سے پاس کی ہی جھونپڑی میں آگ لگ گئی اور پھر جھونپڑی میں موجود رسوئی گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ کے زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار اور دو صحافی بھی شامل ہیں۔ دھماکہ میں کئی زخمیوں کے ہاتھ پیر ٹوٹ گئے۔ بی آر ایس کارکنان نے میٹنگ میں کھمم کے رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشور راؤ اور رکن اسمبلی رامولو نائک سمیت پارٹی لیڈروں کے استقبال کے لیے پٹاخے پھوڑے تھے۔ اس واقعہ سے لوگوں میں دہشت پھیل گئی۔ زخمیوں کو بی آر ایس لیڈروں کی گاڑیوں میں سرکاری اسپتال لے جایا گیا۔

ناگیشور راؤ نے میڈیا اہلکاروں سے کہا کہ اس حادثہ کا پارٹی کی میٹنگ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ واقعہ جلسہ والی جگہ سے 200 میٹر دور پیش آیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے ڈاکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو بہتر علاج مہیا کرایا جائے اور ضرورت پڑنے پر انھیں حیدر آباد بھیجا جائے۔ انھوں نے متاثرین کو ہر ممکن مدد کی بھی یقین دہانی کرائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔