حج ہاؤس میں حج کی آن لائن درخواستوں کی خانہ پری کا انتظام

منگل سے تمام ایام کار میں سہولت دستیاب، ایک فارم میں پانچ افراد کی شمولیت ‘ پروفیسر ایس اے شکور کا اعلان

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج درخواست فارم کی آن لائن خانہ پری اور وصولی کے لئے حج ہاؤس میں منگل 23 اکتوبر سے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج دوپہر حج ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا اور کہا کہ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان کی خواہش پر یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے جو تمام ایام کار میں باوقات 10:30 بجے صبح تا 5:00 بجے شام تک مہیا رہے گی‘ سرکاری تعطیلات میں یہ سہولت میسر نہیں ہوگی۔

پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ اس سال ایک فارم میں پانچ افراد کے نام شامل کرنے کی گنجائش مہیا کی جارہی ہے ان کے ساتھ دو شیر خوار بھی شامل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جناب محمد مسیح اللہ خان کی خواہش پر حج ہاؤس میں ابتداً 8 یا 10کمپیوٹرز نصب کئے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر اس تعداد میں اضافہ کیا جائے گا‘ خواتین کی سہولت کے لئے دو لیڈی آپریٹرز بھی تعینات کی جائیں گی۔

پروفیسر ایس اے شکورنے مزید بتایا کہ آن لائن درخواست فارم بھی داخل کرنے کی آخری تاریخ 17نومبر 2018ہے اور خواہش مند افراد حج ہاؤس کو آتے وقت اپنے ساتھ پاسپورٹ کی کاپی‘ اگر موجودہ پتہ پاسپورٹ میں درج پتہ سے الگ ہو تو ایڈریس پروف‘ ایک عدد کینسل شدہ چیک یا بینک پاس بک کی کاپی‘ پروسسنگ فیس کی ادائیگی کا چالان اور ایک عدد فوٹو کے علاوہ نامینی کی تفصیلات ساتھ لائیں۔

جن افراد کی عمر 17نومبر 2018 کو 70 سال ہوچکی ہو ان کا بغیر قرعہ اندازی کے راست انتخاب عمل میں آئے گا اور ان کے ساتھ ایک رفیق سفر کو رکھنے کی اجازت ہوگی۔ ماہ دسمبر کے آخری ہفتہ میں قرعہ اندازی ہوگی ۔ یوم عرفہ ہفتہ 10اگست کو مقرر ہے۔ پاسپورٹ 17 نومبر 2018 سے قبل جاری کردہ اور 31 جنوری 2020 تک کارکر ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سال بھی رہائش کے دو زمرے رکھے گئے ہیں۔ گرین زمرہ کو NCTZ سے موسوم کیا گیا ہے یعنی یہاں نو کوکنگ نو ٹرانسپورٹ زون۔ اس زون میں پرانی بلڈنگیں ہی رہیں گی۔ مدینہ منورہ میں رہائش کے دو خطے رکھے گئے ہیں ایک مرکزیہ زون اور دوسرا آؤٹ سائیڈ مرکزیہ زون۔

انہوں نے کہا کہ 45 سال یا اس سے زائد عمر کی چار خواتین بغیر محرم کے درخواست داخل کرسکتی ہیں۔ آن لائن فارم داخل کرنے کے بعد درخواست گزار فارم کی ہارڈ کاپی ضروری دستخط کروانے کے بعد مناسب دستاویزات کے ساتھ دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں۔ تفصیلات کے لئے فون 040-23298793 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ حج فارم www.hajcommittee.gov.in پر داخل کئے جاسکتے ہیں اور یہ سائیٹ کھولنے کے بعد تمام ہدایات یکے بعد دیگرے اسکرین پر ظاہر ہوجائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */