تلنگانہ حکومت مزید ایک وعدہ پورا کرنے کی طرف بڑھا رہی قدم، گگ ورکرس کو لائف اور ایکسیڈنٹ انشورنس دینے کی تیاری
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ مشورہ لے کر اور ڈرافٹ بل میں ضروری تبدیلی کر اسے یکم مئی کو بین الاقوامی یومِ مزدور پر نافذ کرنے کی کوشش کریں۔

وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی / تصویر ایکس
تلنگانہ کی کانگریس حکومت مزید ایک وعدہ پورا کرنے کی طرف قدم بڑھاتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ حکومت نے گگ ورکرس کے فلاح کے لیے نیا قانون بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس قانون کے تحت ریاستی حکومت گگ ورکرس کو سماجی تحفظ فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے افسران سے اس معاملے میں ڈرافٹ بل پر لوگوں سے مشورہ لینے کی ہدایت دی ہے۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے گگ ورکرس اور حکومت کے مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی ہے۔ اس میٹنگ میں انھوں نے افسران کو ڈرافٹ بل آن لائن اپلوڈ کرنے کی ہدایت بھی دی ہے تاکہ لوگوں سے اس پر مشورہ لیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ مشورہ لے کر اور ڈرافٹ بل میں ضروری تبدیلی کر اسے یکم مئی کو بین الاقوامی یومِ مزدور پر نافذ کرنے کی کوشش کریں۔
واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخاب میں گگ ورکرس کو سماجی تحفظ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اسی وعدے کو پورا کرنے کے لیے حکومت نے قدم آگے بڑھا دیا ہے۔ ریاست کے محکمہ محنت نے بل کا مسودہ بھی تیار کر لیا ہے، جس میں گگ ورکرس کے فلاح پر توجہ دی گئی ہے۔ ساتھ ہی انھیں ملازمت میں تحفظ، لائف انشورنس اور ایکسیڈنٹ انشورنس جیسے حقوق دیے جائیں گے۔ کمپنی اور ایگریگیٹرس کے درمیان بہتر روابط کے لیے بھی التزامات کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے خود بھی اس بل سے متعلق کچھ اہم مشورے دیے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے افسران کو 25 اپریل تک مشوروں کو بل میں شامل کرنے کی مدت کار طے کی ہے۔ تلنگانہ میں فوڈ ڈیلیوری ایپ کے لیے کام کرنے والے، کیب ڈرائیورس اور پیکیج ڈیلیوری ملازمین جیسے تقریباً 4 لاکھ گگ ورکرس کام کرتے ہیں۔ نئے بل میں ان لوگوں کو بڑا فائدہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ گگ ورکرس کو ایکسیڈنٹ انشورنس دینے والا تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔