تلنگانہ: کھمم میں راہل گاندھی کو سننے کے لیے جمع ہوئی بھیڑ کو دیکھ کر سبھی حیران، چندرشیکھر راؤ پریشان

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’تلنگانہ ایک خواب تھا، غریبوں، کسانوں و مزدوروں کا خواب، 9 سال تک ٹی آر ایس نے اس خواب کو کچلنے کی کوشش کی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر @INCIndia</p></div>

تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

منی پور دورہ کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی تلنگانہ کے دورے پر پہنچے جہاں اتوار کے روز انھوں نے ایک عظیم الشان جلسے کو خطاب کیا۔ کھمم میں راہل گاندھی نے جس جلسہ سے خطاب کیا اس میں زبردست بھیڑ جمع تھی جسے دیکھ کر تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) جو کہ اب بھارتیہ راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے نام سے جانی جاتی ہے، اس کے لیڈران حیران رہ گئے۔ ایسا اس لیے کیونکہ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ اتنی بھیڑ ماضی قریب میں کسی بھی لیڈر کے جلسہ میں دکھائی نہیں دی۔ یہ بھیڑ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ کے لیے پریشان کرنے والی بھی ہے کیونکہ کانگریس ریاست میں اپنا ووٹ بینک بڑھا رہی ہے جس کا نقصان بی آر ایس کو یقینی طور پر ہوگا۔

کھمم میں منعقد ہوئے جلسے میں راہل گاندھی نے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ اور ان کی پارٹی بی آر ایس پر شدید حملہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ان کا (چندرشیکھر راؤ) ریموٹ کنٹرلو پی ایم مودی کے پاس ہے۔ کانگریس ہمیشہ ایوان میں بی جے پی کے خلاف کھڑی رہی ہے، لیکن کے سی آر کی پارٹی نے بی جے پی کی بی ٹیم کی طرح کام کیا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ’’ان کی پارٹی بی آر ایس ’بی جے پی رشتہ دار سمیتی‘ کی طرح ہے۔‘‘


راہل گاندھی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران ملک کو متحد کرنے کی بات کی۔ پورے ملک نے یاترا کی حمایت کی اور دکھایا کہ وہ نفرت اور تشدد پھیلانے کی حمایت نہیں کرتے بلکہ ملک کو متحد کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’تلنگانہ ایک خواب تھا... غریبوں، کسانوں اور مزدوروں کا خواب۔ 9 سال تک ٹی آر ایس نے اس خواب کو کچلنے کی کوشش کی۔ اب ٹی آر ایس نے اس کا نام بدل کر بی آر ایس- بی جے پی رشتہ دار سمیتی کر دیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔