تلنگانہ انتخاب: ’کے سی آر حکومت ایکسپائری ڈیٹ پار کر چکی ہے‘، وارنگل میں پرینکا گاندھی کا خطاب

پرینکا گاندھی نے کہا کہ 10 سال قبل لوگوں نے بی آر ایس حکومت کو بڑی امیدوں کے ساتھ منتخب کیا تھا، لیکن اس حکومت نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی / تصویر ایکس</p></div>

پرینکا گاندھی / تصویر ایکس

user

قومی آوازبیورو

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی تلنگانہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر جمعہ کو وارنگل ضلع کے پالکرتھی انتخابی حلقہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئی نظر آئیں۔ انھوں نے انتخابی ریلی کے دوران بی آر ایس حکومت کو شدید طور پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’’تلنگانہ کی کے سی آر حکومت اپنی ایکسپائری ڈیٹ پار کر چکی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں کانگریس کی لہر چل رہی ہے اور عوام اس پارٹی کو برسراقتدار لانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب کے دوران الزام لگایا کہ بھارتیہ راشٹریہ سمیتی (بی آر ایس) حکومت نے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے، جسے لوگوں نے 10 سال پہلے نئی ریاست میں بہت امیدوں کے ساتھ منتخب کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اس حکومت نے ہر سطح پر آپ کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ اس کی ایکسپائری ڈیٹ گزر چکی ہے۔ پرینکا گاندھی نے لوگوں سے اس حکومت کو ہٹانے کی گزارش کی جو امیدوں پر کھری نہیں اتری اور بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی۔


کانگریس جنرل سکریٹری نے یہ بھی الزام لگایا کہ کے سی آر حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے میں پوری طرح ناکام رہی۔ انھوں نے کہا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگوں نے عوام کے ہزاروں کروڑ روپے لوٹ لیے۔ جب نئی ریاست بنی تو نوجوانوں کو ملازمت ملنے کی امید تھی، لیکن حکومت نے دھوکہ دیا۔ نوجوانوں نے ملازمت حاصل کرنے کے لیے امتحانات میں سخت محنت کی لیکن سوالنامہ لیک ہونے سے ان کا مستقبل برباد ہو گیا اور ان میں سے کئی نے خودکشی کر لی۔

پرینکا گاندھی نے وعدہ کیا کہ اگر کانگریس برسراقتدار ہوئی تو تلنگانہ میں نوجوانوں کو دو لاکھ سرکاری ملازمتیں دے گی، جیسا کہ اس نے راجستھان میں کیا ہے۔ انھوں نے تذکرہ کیا کہ تلنگانہ اس وقت ملک میں سب سے زیادہ شرح بے روزگاری والی ریاستوں میں شامل ہے۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے کانگریس ایک ملازمت کیلنڈر جاری کرے گی جس میں امتحانات کی تاریخیں، ریزلٹ اور ملازمت نوٹس دیے جائیں گے۔ پرینکا نے کہا کہ ’’ہمارا مقصد تلنگانہ کے نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے اور انھیں مضبوط بنانے میں مدد کرنا ہے۔‘‘


کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ اقتدار میں آنے پر کانگریس طلبا کو ان کی تعلیم کے لیے 5 لاکھ روپے دے گی۔ ہر ضلع میں بین الاقوامی پیمانوں پر کھرا اترنے والے اسکول قائم کیے جائیں گے۔ پرینکا گاندھی نے کانگریس کے ذریعہ دی گئی چھ گارنٹی کے بارے میں بھی لوگوں کو بتایا۔ انھوں نے کہا کہ خواتین مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد انھیں ماہانہ 2500 روپے کی مالی امداد ملے گی اور رسوئی گیس سلنڈر 500 روپے میں دستیاب کرایا جائے گا۔ ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ’’کرناٹک میں میری بہنیں بسوں میں مفت سفر کر رہی ہیں، اسی طرح آپ سبھی آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔