تلنگانہ: تین منزلہ عمارت میں آگ، دو خواتین اور ایک بچہ جان بحق
تلنگانہ میں کل شام 5:30 بجے کرانہ دکان میں شارٹ سرکٹ سے ریفریجریٹر پھٹنے کے بعد آگ لگ گئی۔ شعلے تین منزلہ عمارت تک پھیل گئے، جس میں 2 خواتین اور ایک بچہ جھلس کر جاں بحق ہو گئے

آگ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
تلنگانہ میں رنگاریڈی کے پُپل گوڈا میں عثمان کرانہ دکان میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے شدید آگ لگ گئی۔ اس حادثہ میں 3 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 2 شدید زخمی ہیں۔ یہ اطلاع پی ایس نرسنگی کے ایس ایچ او ہری کرشن نے دی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کل تقریباً 5:30 بجے پیش آیا جب شارٹ سرکٹ کی وجہ سے کرانہ دکان کے اندر ایک ریفریجریٹر پھٹ گیا، اس کے بعد آگ لگ گئی جو تیزی سے تین منزلہ عمارت کی اوپری منزلوں تک پھیل گئی۔
اس معاملے میں پولیس نے بتایا کہ انہیں گاندھی پیٹ ڈویژن کے رہائشی تمیز خان سے ایک شکایت ملی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ ان کے چچا زاد بھائی عثمان خان کی دکان پُپل گوڈا کے پاشا کالونی میں جی+2 عمارت میں آگ لگ گئی ہے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر شکایت کنندہ جب جائے حادثہ پر پہنچا تو اس نے دیکھا کہ آگ کی لپٹیں پہلی منزل تک بڑھ گئی تھیں، جہاں عثمان خان کے کنبہ کے اراکین موجود تھے۔
اطلاع کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران فائر بریگیڈ کے ملازمین نے عمارت کی پہلی منزل پر ایک کمرے میں پھنسی 2 خواتین اور ایک لڑکی کو اسٹریچر پر باہر نکالا۔ ان سبھی کو بیہوشی کی حالت میں علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا جہاں ان کی موت ہو گئی۔ ہلاک شدگان میں عثمان خان کے کنبہ کی اراکین جمیلہ خاتون (65)، شہانہ خانم (30) اور سدرہ فاطمہ (6) شامل ہیں۔
وہیں دوسری منزل پر رہنے والے یونس خان (44) اور ان کی اہلیہ آسیہ خاتون (36) آگ سے بچنے کی کوشش میں عمارت سے کودنے کے بعد زخمی ہو گئے۔
اس واقعہ کے بارے میں راجندر نگر ڈی سی پی شری نواس نے بتایا کہ عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع جمعہ کی شام 5:30 بجے کی ہے۔ جیسے ہی انہیں اس کی اطلاع ملی پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ پویس نے دروازہ توڑ کر دو بیہوش خاتون کو باہر نکالا حالانکہ انہیں بچایا نہیں جا سکا۔ یہ حادثہ کیسے ہوا پولیس اس کی جانچ کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔