تیجسوی نے سرکردہ لیڈروں کو لکھا خط، کہا ’کچھ چینلوں کا بائیکاٹ کرنے کی ضرورت‘

آر جے ڈی رہنما اور بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کو ایک خط لکھ کر ایسے ٹی وی چینلوں کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے جو بی جے پی کے طے ایجنڈہ پر کام کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران کو ایک خط لکھا ہے جس میں انھوں نے ایسے ٹی وی چینلز کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے جو بی جے پی کے طے ایجنڈے کے تحت بڑے ایشوز پر پردہ ڈالنے کا کام کر رہے ہیں۔ اس خط میں تیجسوی یادو نے لکھا ہے کہ ’’ساتھیو! ایک طرف جہاں ہم بھکمری، بے روزگاری، کسان اور سماجی انصاف سے جڑے ایشوز اٹھا رہے ہیں، تو وہیں اصل دھارے کی میڈیا کا ایک بڑا حصہ بی جے پی ہیڈ کوارٹر کے ذریعہ طے کردہ ایجنڈے کے تحت ان بڑے ایشوز پر پردہ ڈالنے کا کام کر رہا ہے۔ آئیے ہم اجتماعی طور پر ان چینلوں کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ لیں۔‘‘

تیجسوی یادو نے یہ خط بہار اسمبلی کے لیٹر ہیڈ پر لکھ کر بھیجا ہے۔ تیجسوی نے اس خط کو کانگریس صدر راہل گاندھی، بی ایس پی سپریمو مایاوتی، یو پی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو، بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سمیت کئی لیڈروں کو بھیجا ہے۔ تیجسوی نے اس خط کی کاپیاں یو پی میں بی جے پی کی معاون اوم پرکاش راجبھر، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ، شرد پوار، سیتا رام یچوری، ایچ ڈی دیوگوڑا، دیپانکر بھٹاچاریہ، اجیت سنگھ، اوپیندر کشواہا، بدرالدین اجمل، اسدالدین اویسی، جیتن رام مانجھی، ہیمنت سورین، اوم پرکاش چوٹالہ اور بابو لال مرانڈی کو بھی بھیجی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Mar 2019, 9:10 AM