’آج میری رہائش گاہ کے باہر گولی چلائی گئی‘، پٹنہ کے وی وی آئی پی علاقہ میں فائرنگ پر تیجسوی یادو کا شدید رد عمل

تیجسوی یاد نے فائرنگ واقعہ پر کہا کہ ’’خبردار، کوئی اسے جنگل راج کہے گا تو؟ ویسے بھی کل وزیر اعظم بہار آ رہے ہیں، اس لیے گودی میڈیا کو مثبت امیج برقرار رکھنی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تیجسوی یادو / بشکریہ ایکس</p></div>

تیجسوی یادو / بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

بہار کی راجدھانی پٹنہ کے وی وی آئی پی علاقہ پولو روڈ میں 19 جون کی صبح فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا۔ جے ڈی یو کے وزیر اشوک چودھری کی رہائش گاہ کے پاس 2 نامعلوم بائک سوار بدمعاشوں نے ایک نوجوان پر فائرنگ کی۔ اس واقعہ پر بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو کا شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کر ریاستی حکومت پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ’’آج میری رہائش گاہ کے باہر گولی چلائی/چلوائی گئی ہے۔‘‘

تیجسوی یادو نے آگے لکھا کہ ’’این ڈی اے کی حکومت میں جرائم پیشہ افراد کو اتنی ہمت ہو گئی ہے کہ ہائی سیکورٹی زون کے کچھ ہی فاصلے پر فائرنگ کر رہے ہیں۔ جہاں گورنر کی رہائش گاہ راج بھون، وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ، حزب مخالف کے رہنما کی رہائش گاہ، چیف جسٹس کی رہائش گاہ اور ایئرپورٹ ہے، وہاں مجرم کھلے عام فائرنگ کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’خبردار، کوئی اسے جنگل راج کہے گا تو؟ ویسے بھی کل وزیر اعظم بہار آ رہے ہیں، اس لیے گودی میڈیا کو مثبت امیج برقرار رکھنی ہے۔‘‘


واضح ہو کہ فائرنگ معاملہ میں سٹی ایس پی سنٹرل دیکشا نے کہا کہ ’’آج صبح ایک خبر ملی کہ ہوائی اڈہ علاقہ میں 2 لوگوں نے ایک شخص کو لوٹنے کی کوشش کی۔ بدمعاشوں کے پاس پستول تھی جس سے گولی چلی ہے، لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ تمام کیمروں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالے جا رہے ہیں، ناکہ بندی کی جا رہی ہے، ڈاگ اسکواڈ اور ایف ایس ایل کی ٹیم کو بلا لیا گیا ہے اور آگے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔‘‘ ایس پی دیکشا نے مزید کہا کہ پہلی نظر میں یہ لوٹ کا واقعہ معلوم پڑتا ہے، اس معاملہ کی اسی نظریہ سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔