تیجسوی یادو کی سیکوریٹی میں چوک، ہیلی کاپٹر پر چڑھتے وقت پیروں میں گرا نوجوان، ویڈیو وائرل
مظفرپور کے کانٹی اسکول میں ایک تقریب کے بعد جب تیجسوی ہیلی کاپٹر سے روانہ ہو رہے تھے تو نوجوان دوڑتا ہوا آیا اور پیڑ پکڑ کر پرنام کرنے لگا۔ سیکوریٹی اہلکاوں نے فوراً اس کو ہیلی کاپٹر کے پاس سے ہٹایا۔

بہار اسمبلی میں حزب مخالف کے رہنما تیجسوی یادو کی سیکوریٹی میں ایک مرتبہ پھر چوک ہوئی ہے۔ تیجسوی مظفرپور میں ایک پروگرام ختم کرنے کے بعد وہاں سے روانہ ہونے کے لیے ہیلی کاپٹر سے اڑان بھرنے والے ہی تھے کہ اسی دوران ایک نوجوان سیکوریٹی گھیرا توڑتے ہوئے ان کے پاس پہنچا اور ان کا پیر پکڑ لیا۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق تیجسوی یادو مظفرپور کے کانٹی اسکول میں ایک تقریب میں شامل ہونے کے لیے پہنچے تھے۔ تقریب ختم ہونے کے بعد جب وہ ہیلی کاپٹر پر واپس لوٹ رہے تھے تبھی یہ واقعہ پیش آیا۔ جیسے ہی ہیلی کاپٹر اڑان بھرنے کو تیار ہوا، اچانک نوجوان دوڑتا ہوا ان کے قریب آیا اور پیڑ پکڑ کر پرنام کرنے لگا۔ وہاں پر موجود سیکوریٹی اہلکار فوراً حرکت میں آئے اور اس نوجوان کو ہیلی کاپٹر کے پاس سے ہٹایا۔ اس دوران کچھ لمحہ کے لیے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ پھر تھوڑی دیر میں تیجسوی کے ہیلی کاپٹر نے محفوظ طور پر اڑان بھری لیکن اس واقعہ نے ایک مرتبہ پر سیکوریٹی نظام پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔
اس پورے واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ اس میں دکھ رہے نوجوان کی پہچان ہو گئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ شخص تیجسوی یادو سے ملنے اور انہیں پرنام کرنے کی خواہش سے ہیلی کاپٹر کے پاس پہنچا تھا۔ کچھ لوگ اسے تیجسوی سے لوگوں کا لگاؤ بتا رہے ہیں۔
یہ واقعہ اپوزیشن رہنما تیجسوی یادو کی سیکوریٹی میں ایک بڑی چوک بھی مانی جا رہی ہے۔ انہیں حال ہی میں وائی پلس سے زیڈ پلس کی سیکوریٹی دی گئی ہے۔ اس میں 22 سیکوریٹی اہلکار اور 6 کمانڈو تعینات رہتے ہیں۔ باوجود اس کے، ایک نوجوان کے اس طرح سے ان کے قریب پہنچنا سیکوریٹی نظام پر سوال کھڑے کر رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔