تیجسوی یادو کا نتیش کمار پر طنز- ’جب 15 سال پرانی گاڑی نہیں چلتی تو 20 سال پرانی حکومت کیوں چلے گی؟‘

تیجسوی یادو نے نتیش حکومت کو 'کھٹارا' قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب 15 سال پرانی گاڑی غیر قانونی ہے تو 20 سال پرانی حکومت کیوں جاری رہے؟ انہوں نے حکومت کو بدعنوانی، بیروزگاری اور جرائم کا ذمہ دار ٹھہرایا

<div class="paragraphs"><p>تیجسوی یادو / آئی اے این ایس</p></div>

تیجسوی یادو / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب 15 سال پرانی گاڑی کے چلنے کی اجازت نہیں ہے تو 20 سال پرانی حکومت کیوں جاری رہے؟ دراصل، اس سال بہار میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، جس کے پیش نظر سیاسی بیان بازی تیز ہو گئی ہے۔ اسی سلسلے میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر تیجسوی یادو نے این ڈی اے حکومت پر حملہ کیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’بہار میں 15 سال پرانی گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہے کیونکہ وہ زیادہ دھواں چھوڑتی ہے، آلودگی بڑھاتی ہے اور عوام کے لیے نقصان دہ ہے، تو پھر این ڈی اے کی 20 سال پرانی جوڑ توڑ، پلٹا پلٹی والی خستہ حال حکومت کیوں چلے گی؟ گزشتہ 20 سالوں میں نتیش حکومت نے بہار کے ہر گلی، ہر محلے اور ہر گاؤں میں غربت، بیروزگاری، بدعنوانی، جرائم اور نقل مکانی کا زبردست آلودہ دھواں پھیلا دیا ہے۔‘‘


تیجسوی یادو نے مزید لکھا، ’’نتیش-بی جے پی حکومت نے دو دہائیوں میں دو نسلوں کا مستقبل تباہ کر دیا ہے۔ اب یہ حکومت بہار کے عوام پر بوجھ بن چکی ہے، اس لیے اسے بدلنا بہت ضروری ہے۔‘‘

اپنے پیغام میں انہوں نے نوجوانوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’بہار کے نوجوانوں نے عزم کر لیا ہے کہ 20 سال پرانی، خستہ حال، کمزور، غیر مستحکم اور ناقابل اعتماد نتیش-این ڈی اے حکومت کو ہٹا کر ایک ایسی حکومت لانی ہے جو نئی سوچ، نئے ویژن، نئی توانائی اور ترقیاتی کاموں کے لیے وقف ہو۔ ہمیں ایک نیا، خوشحال اور ترقی یافتہ بہار بنانا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ تیجسوی یادو مسلسل نتیش حکومت کو مختلف مسائل پر گھیرتے رہے ہیں۔ وہ اکثر بہار میں بڑھتے ہوئے جرائم، بدعنوانی اور بیروزگاری کے اعداد و شمار پیش کرتے ہیں۔ تاہم، حکمران جماعت بھی جوابی حملے میں پیچھے نہیں رہتی اور تیجسوی کے بیانات پر فوری ردعمل دیتی ہے۔

بہار میں آنے والے انتخابات کے پیش نظر سیاسی ماحول مزید گرم ہونے کا امکان ہے اور اپوزیشن و اقتدار میں موجود جماعتوں کے درمیان بیان بازی تیز تر ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔