روزگار کے محاذ پر تیجسوی یادو کا بڑا اعلان، محکمہ صحت میں تقریباً 8000 عہدوں پر جلد ہوگی تقرری

تیجسوی یادو نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’خوشخبری! ریاست میں نظام صحت کو بہتر بنانے کے لیے 7987 عہدے پیدا کرنے سے متعلق محکمہ صحت کی تجویز کو آج کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔‘‘

تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بہار میں جب سے مہاگٹھ بندھن حکومت بنی ہے، تب سے ہی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے دعوے زور و شور سے کیے جا رہے ہیں۔ اس سمت میں آج اس وقت بڑی پیش رفت ہوئی جب بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے اعلان کیا کہ ریاست کی صحت خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے 7987 نئے عہدے تیار کیے گئے ہیں۔ اس تجویز کو ریاستی کابینہ نے منظوری بھی دے دی ہے۔

ریاست کے محکمہ صحت کا ذمہ سنبھال رہے تیجسوی یادو نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’خوشخبری! ریاست میں نظام صحت کو بہتر بنانے اور مناسب تعداد میں ورک فورس بڑھانے کے لیے سرکاری میڈیکل کالجوں و اسپتالوں کے مختلف محکموں میں ڈریسر، ڈاکٹر اور دیگر اہلکاروں کے 7987 عہدے پیدا کرنے سے متعلق محکمہ صحت کی تجویز کو آج کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ بہار میں جنتا دل یو اور آر جے ڈی اتحاد کی حکومت کو اپوزیشن پارٹیاں روزگار کے ایشو پر لگاتار گھیرتی رہی ہیں۔ رواں سال اگست میں جب بہار میں اقتدار کی تبدیلی ہوئی تھی تو اس کے بعد تیجسوی یادو نے کہا تھا کہ بے روزگاری کے مسئلہ کو دور کیا جائے گا اور حکومت اس سمت میں مناسب فیصلے جلد لے گی۔ اب جب کہ محکمہ صحت میں تقریباً 8 ہزار روزگار پیدا کیے گئے ہیں تو یہ مہاگٹھ بندھن حکومت کی بڑی کامیابی قرار دی جا سکتی ہے۔

آج صبح تیجسوی یادو کے دفتر نے بھی روزگار سے متعلق ایک اہم جانکاری دی تھی۔ تیجسوی یادو کے دفتر کے ذریعہ کیے گئے ٹوئٹ میں بتایا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو اور وزیر برائے ریوینیو و اراضی اصلاح آلوک مہتا کی موجودگی میں 4325 نوتقرر ملازمین کو تقرری نامہ دیا جائے گا۔ ٹوئٹ میں لکھا گیا تھا کہ ’’ملازمت کا وعدہ، ہوگا پورا۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو اور وزیر برائے ریونیو و اراضی اصلاح آلوک مہتا کی موجودگی میں آج نو تقرر 4325 ریونیو ملازمین کو تقرری نامہ دیا جائے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔