بہار کو نمبر ون ریاست بنانا میرا مشن، وعدے الفاظ نہیں عزم ہیں: تیجسوی یادو
تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار کو نمبر ون بنانا ان کا مقصد ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف پر مبنی حکومت قائم کریں گے اور تمام انتخابی وعدے پورے کریں گے

پٹنہ: بہار میں مہاگٹھ بندھن کی جانب سے وزیر اعلیٰ کا امیدوار بنائے جانے کے بعد راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو نے جمعہ کو انتخابی مہم کا آغاز کر دیا۔ پٹنہ سے نکلنے سے قبل انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہار کو نمبر ون ریاست بنانا ان کا سب سے اہم ہدف ہے۔
تیجسوی یادو نے اپنے انداز میں اعتماد کے ساتھ کہا کہ وہ وہی وعدے کرتے ہیں جو پورے کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق، ’’میں جھوٹے وعدے نہیں کرتا اور نہ ہی کچی بات کرتا ہوں۔ میں زبان کا پکا ہوں۔ جو کہتا ہوں وہ کرتا ہوں، اور جو کرتا ہوں وہی کہتا ہوں۔‘‘
اپنے بیان میں تیجسوی نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ بہار کے وزیر اعلیٰ بنے تو 14 کروڑ عوام کو اس طرح حکومت میں شامل کریں گے کہ ہر شہری کو تحفظ، روزگار اور بہتر زندگی کا احساس ہو۔ ان کے الفاظ میں، ’’تیجسوی اگر وزیر اعلیٰ بنے گا تو بہار کی 14 کروڑ عوام کو وزیر اعلیٰ بنائے گا یعنی سب کو چین اور سکون دے گا۔ ہماری حکومت پڑھائی، دوائی، کمائی اور سنوائی والی ہوگی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی نے جو وعدے کیے ہیں، وہ سب پورے کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق، ’’ہم نے کہا ہے کہ جن خاندانوں میں کوئی سرکاری نوکری نہیں ہے، وہاں ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے گی۔ ہم نے جیویکا دیدیوں کے لیے تنخواہ میں اضافے کا اعلان بھی کیا ہے۔ یہ تمام وعدے صرف باتیں نہیں، بلکہ عزم ہیں جنہیں ہم پورا کر کے دکھائیں گے۔‘‘
تیجسوی یادو نے اپنے سابقہ 17 مہینے کی کارکردگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے وعدوں کو عمل میں بدلا ہے اور یہی ان کی سیاست کا بنیادی اصول ہے۔ ان کے مطابق، ’’ہماری ترجیح تعلیم، صحت، انصاف اور روزگار رہے گی۔ ان چار ستونوں پر ہم بہار میں ترقی اور خوشحالی کی نئی بنیاد رکھیں گے۔‘‘
این ڈی اے کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ ان کے دور میں بدعنوانی اور جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’بہار میں 55 سے زیادہ گھوٹالے ہوئے ہیں، جن کا ذکر خود وزیر اعظم نے انتخابی جلسے میں کیا تھا۔ مگر آج تک ان کی تحقیقات نہیں ہوئیں۔ دن دہاڑے فائرنگ اور قتل کے واقعات ہو رہے ہیں۔ اگر یہ جنگل راج نہیں تو کیا ہے؟‘‘
انہوں نے کہا کہ بہار کے عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں اور مہاگٹھ بندھن ان کی امیدوں پر پورا اترے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس بار بہار کی ترقی اور عزت کے لیے نئے عزم کے ساتھ ووٹ دیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور تمام سیاسی پارٹیاں انتخابی مہم میں پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتر چکی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔