تیجسوی یادو نے کی پٹرول ۔ ڈیژل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے لئے مودی حکومت کی تنقید

تیجسوی یادو نے کہا کہ بی جے پی کو لوگوں کے حقیقی معاملوں کی ذرہ برابر بھی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکز اور بہار کی موجودہ حکومت کی مدت کار میں بے روزگاری خطرناک حد تک بڑھی ہے۔

تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار اسمبلی میں اپوزیشن اور راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی) کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے پٹرول، ڈیژل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے لئے مرکز کی نریندر مودی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے آج کہا کہ اس سے ملک میں پہلے سے ہی آسمان چھوتی مہنگائی سے پریشان عام آدمی کی مشکلات اور بڑھ جائیں گی۔

تیجسوی یادو نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ مودی حکومت نے پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی وجہ سے پٹرول، ڈیژل اور رسوئی گیس کی قیمتوں کو جان بوجھ کر مستحکم کر رکھا تھا، جیسا کہ توقع تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخاب ختم ہوگئے ہیں تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کچے تیل کی قیمتیں اتنی بھی زیادہ نہیں ہیں کہ پٹرول، ڈیژل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پڑوسی ملکوں میں بھی پٹرول کی قیمتیں ہندوستان کی طرح نہیں ہیں۔


تیجسوی یادو نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کو لوگوں کے حقیقی معاملوں کی ذرہ برابر بھی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور بہار کی موجودہ حکومت کی مدت کار میں بے روزگاری خطرناک حد تک بڑھی ہے۔ نوجوانوں کو نوکری دینے کا وعدہ کرنے کے باوجود ان کے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔ یہاں تک کہ جو لوگ نوکری میں لگے تھے، انہیں بھی بے روزگار کر دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔