تیجسوی یادو نے ای ڈی اور سی بی آئی کو اپنے گھر میں ہی دفتر کھولنے کا دیا آفر

بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار میں نئی حکومت بننے کے بعد نہ صرف شہروں میں بلکہ گاؤں، پنچایتوں اور بلاک میں عام لوگوں کے چہرے پر مسکان آ گئی ہے۔

تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بہار کے نوتقرر نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس محکمہ کو اپنی رہائش کے اندر دفتر کھولنے اور جو کچھ بھی چاہیں اس کی جانچ کرنے کے لیے مدعو کیا ہے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ ہمیں اس سے کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ ای ڈی، سی بی آئی، انکم ٹیکس کے لوگ میرے گھر کے اندر میں ہی دفتر کھولیں۔ پھر بھی اگر انھیں سکون نہ ملے تو میں کیا کر سکتا ہوں۔ وہ ہمارے خلاف جو بھی جانچ کرنا چاہتے ہیں، کر لیں، اس سے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔‘‘

تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ ’’جنتا دل یو کے قومی صدر للن سنگھ نے ٹھیک ہی کہا کہ ہمارے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے اور ہم مرکزی ایجنسیوں سے ڈرتے نہیں ہیں۔ انھوں نے مجھے بہت پہلے چارج شیٹ کیا ہے، ان کے پاس میرے خلاف ثبوت نہیں ملا۔ معاملہ (آئی آر سی ٹی سی گھوٹالہ) ایسے وقت میں ہوا جب میری داڑھی اور مونچھ نہیں تھی۔‘‘ آر جے ڈی لیڈر نے یہ بھی کہا کہ ’’بہار کے نائب وزیر اعلیٰ کی شکل میں 18 ماہ کی مدت کار کے دوران مجھ پر بدعنوانی کا ایک بھی الزام نہیں لگا۔ ہمارے پاس آر جے ڈی کوٹے کے تحت 18 وزیر تھے اور ان میں سے کوئی بھی کسی بھی طرح کی بدعنوانی کے معاملے میں شامل نہیں تھا۔‘‘


تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ ’’بہار میں نئی حکومت بننے کے بعد نہ صرف شہروں میں بلکہ گاؤں، پنچایتوں اور بلاک میں عام لوگوں کے چہرے پر مسکان آ گئی ہے۔ ہم ’دوائی، سینچائی، پڑھائی، سنوائی اور کارروائی‘ کے مقصد سے حکومت بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ایک بار جب حکومت بہار اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کر لے گی، تو ہم بہار میں ہر ہاتھ کو ملازمت دیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔