’افواہ میاں‘ کے کہنے پر نتیش کمار گمراہ کر رہے ہیں: تیجسوی

آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی کو ’افواہ میاں‘ اور ’جھوٹوں کا سرتاج‘ کہا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار ان کے کہنے پر لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لالو پرساد یادو کے بیٹے اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر حملہ کیا ہے۔ انھوں نے نتیش کمار پر اسمبلی کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی کو ’افواہ میاں‘ کا نام دیا ہے۔ تیجسوی نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نتیش کمار اور سشیل کمار مودی کے جھوٹ کو سامنے رکھنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تیجسوی یادو نے ایک کے بعد ایک کئی ٹوئٹ کر کے لکھا ہے کہ ’’دیکھئے، کس طرح وزیر اعلیٰ نتیش کمار ’افواہ میاں اور جھوٹوں کے سرتاج‘ سشیل مودی کے کہنے پر ایوان کو کرفیو پر گمراہ کر رہے ہیں؟‘‘

اس سے قبل تیجسوی یادو نے لکھا کہ ’’ایوان میں محکمہ داخلہ کے مطالبہ پر حکومت کا جواب چل رہا تھا۔ مجھے اطلاع ملی کہ اورنگ آباد میں لگاتار دوسرے دن بھی تشدد پسند عناصر آگ زنی کر کے 50 دکانیں جلا چکے ہیں۔ گولی باری بھی ہوئی ہے۔ کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ اسی درمیان وزیر اعلیٰ نتیش کمار کھڑے ہو گئے اور جھنجھلاہٹ میں میری پختہ اطلاع کو ہی افواہ بتانے لگے۔‘‘

انھوں نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا ’’میں نے ایوان کو مطلع کیا کہ کرفیو لگا ہے اور گولی باری ہوئی ہے لیکن سوشیل مودی نے وزیر اعلیٰ کو گمراہ کیا اور وزیر اعلیٰ نے فوراً کہہ دیا کہ کرفیو نہیں لگا اور کوئی گولی باری نہیں ہوئی۔ کیا ریاست کے وزیر اعلیٰ اتنے سنگین واقعہ کو بھی مانیٹر نہیں کرتے اور حد تو یہ ہے کہ ایوان میں جھوٹ بول کر معزز اراکین کو گمراہ کرتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ بہار کے الگ الگ علاقوں میں ہو رہے تشدد کے واقعات پر تیجسوی یادو لگاتار نتیش کمار کی تنقید کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے بھی انھوں نے کہا تھا کہ ’’لالو جی نے ملک کو فرقہ وارانہ تشدد سے بچانے کے لیے اڈوانی جی کو گرفتار کیا تھا، لیکن بہار کو بچانے کے لیے نتیش جی سے چوبے جی کا لڑکا گرفتار نہیں ہو رہا۔ اوپر سے گیان بانٹ رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔