تیج پرتاپ یادو آر جے ڈی سے دیں گے استعفیٰ، ٹوئٹ کرکے کیا اعلان

تیج پرتاپ یادو نے ٹویٹ کیا اور لکھا کہ انہوں نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تمام کارکنوں کا احترام کیا، جلد ہی والد سے ملاقات کر کے استعفیٰ پیش کردیں گے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

آر جے ڈی لیڈر تیج پرتاپ یادو نے کل راشٹریہ جنتا دل سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔ آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹےتیج پرتاپ یادو نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے کیونکہ ان پر پارٹی کارکن کے ساتھ بند کمرے میں مارپیٹ اور بدسلوکی کرنے کا الزام ہے۔ حسن پور کے ایم ایل اے نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہمیشہ تمام کارکنوں کا احترام کیا ہے اور وہ جلد ہی اپنے والد سے ملاقات کرنے کے بعد استعفیٰ پیش کردیں گے۔

واضح رہے پارٹی کے یوتھ سیل کے پٹنہ شہر کے صدر رام راج یادو نے تیج پرتاپ پر 22 اپریل کو افطار پارٹی کے دوران بند کمرے میں مار پیٹ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کو غلیظ گالیاں دیں اور ان کو دھمکی بھی دی کہ پارٹی چھوڑ دو ورنہ دس دن کے اندر گولی مروا دیں گے۔ اس سے ناراض ہو کر رام راج پیر کو پارٹی دفتر پہنچے اور دیگر نوجوان کارکنوں کے ساتھ اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔


استعفیٰ دینے آئے رام راج نے کہا، ’’میں نے فوری طور پر پارٹی کے بڑے رہنماؤں اور عہدیداروں کو اس کی اطلاع دی، انہوں نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی، لیکن تین دن گزرنے کے بعد بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی، اس لیے میں اب استعفیٰ دے رہا ہوں۔‘‘

دوسری جانب تیج پرتاپ یادو نے اس پورے معاملے میں خود کو بے قصور بتایا ہے۔ انہوں نے رام راج کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ’’الزام بے بنیاد ہے، رام راج کسی کے بہکانے میں الزامات لگا رہے ہیں، یہ افطار کے دن کی تصویر ہے، تصویر کافی اپنے پن کے ساتھ کھچوائی گئی ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔