سیاسی حریفوں کے خلاف ’سدرشن چکر‘ اٹھا لیا ہے: تیج پرتاپ یادو

آر جے ڈی رہنما تیج پرتاب یادو نے کہا کہ جےڈی یو کے قومی صدر اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ ان کا اصل مقابلہ نہیں بلکہ ان کا اصل مقابلہ آر ایس ایس اور بی جے پی سے ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کے بڑے صاحبزادے اور بہار کے مہوا حلقے اسمبلی سے رکن اسمبلی تیج پرتاپ یادو نے آج کہا کہ انہوں نے سیاسی حریفوں کے خلاف ’سدرشن چکر ‘اٹھا لیا ہے اور آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات میں سیکولر پارٹیوں کی فتح یقینی ہے۔

ایشوریہ رائے کو طلاق دینے کے تعلق سے عدالت میں عرضی داخل کرنے کے بعد اہل خانہ سے ناراض ہوکر متھرا اوربرندابن سے لوٹنے کے بعد پہلی بار یہاں آر جے ڈی دفتر پہنچے تیج پرتاب یادو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گھر اور باہر کی لڑائی الگ الگ ہے۔ انہوں نے سیاسی حریفوں کے خلاف ’سدورشن چکر‘ اٹھا لیا ہے۔ فی الحال وہ اپنے گھر نہیں جا رہے ہیں۔وہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو سنیں گے اور سمجھیں گے۔

سابق وزیر تیج پرتاب یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت سے انہوں نے اپنے لیے سرکاری رہائش گاہ کا مطالبہ کیاہے۔ سرکاری رہائش گاہ ملنے کے بعد وہ اپنی سیاسی سرگرمیاں بہتر ڈھنگ سے آگے بڑھا سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ فی الحال ریاست کی عوام کا گھر ہی ان کا گھر ہے۔ ابھی وہ عوام کے درمیان رہ کر ان کا حال جاننا چاہتے ہیں۔

تیج پرتاب یادو نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ برندابن میں وہ بھگوان کرشن سے ’وردان‘ لینے گئے تھے۔ سیاسی حریفوں کے صفائے کے لیے بھگوان شری کرشن نےانھیں اپنا ’سدرشن چکر‘ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کے پاس ’سدرشن چکر‘ہے اور جنگ کا اعلان ہو چکاہے۔ جنگ میں فرقہ پرست طاقتوں کی شکست اور عظیم اتحاد کی فتح یقینی ہے۔

تیج پرتاب یادو نے کہا کہ آئندہ برس کے عام انتخابات اور اس کے بعد اسمبلی انتخابات میں وہ کرشن کے کردار میں رہیں گے۔ ان کا ارجن چھوٹا بھائی، تیجسوی پرساد یادو حریفوں کا صفایا کرے گا۔ چھوٹے بھائی تیجسوی کو سیاست میں آگے بڑھانے والے وہی ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جےڈی یو کے قومی صدر اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ ان کا اصل مقابلہ نہیں بلکہ ان کا اصل مقابلہ آر ایس ایس اور بی جے پی سے ہے۔

آر جے ڈی کے رہنما نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے آئندہ برس ،عام انتخابات میں نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سیٹ ملنی چاہیے۔ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف جو بھی پارٹی عظیم اتحاد میں آنا چاہتی ہے اس کے لیے دروازہ کھلے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔