پائلٹ بننے کی راہ پر تیج پرتاپ یادو، سی پی ایل کورس کے انٹرویو میں کامیاب
آرجے ڈی سے نکالے جانے کے بعد تیج پرتاپ یادو نے نئی راہ چن لی۔ وہ کمرشل پائلٹ لائسنس کورس کے انٹرویو میں کامیاب ہوئے اور اب پائلٹ بننے کی تیاری کر رہے ہیں

بہار کے سابق وزیر اور لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے سیاست سے دوری کے بعد ایک نئی راہ چُن لی ہے۔ اب وہ پائلٹ بننے کی تیاری کر رہے ہیں۔ حال ہی میں وہ کمرشل پائلٹ لائسنس (سی پی ایل) کورس کے ابتدائی مرحلے کا انٹرویو اور دستاویزات کی جانچ کا عمل کامیابی سے مکمل کر چکے ہیں۔
بہار حکومت کے تحت کام کرنے والے ایوی ایشن ڈائریکٹوریٹ نے 20 جون کو کامیاب امیدواروں کی جو فہرست جاری کی، اس کے مطابق تیج پرتاپ کو 18 امیدواروں میں پانچواں مقام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے ’ایب-انیشیو ٹو سی پی ایل کورس‘ کے لیے انٹرویو اور دستاویزاتی جانچ 16 سے 18 دسمبر 2024 کے درمیان دی تھی۔
یہ کامیابی اس وقت سامنے آئی ہے جب حال ہی میں تیج پرتاپ کو راشٹریہ جنتا دل (آرجے ڈی) سے 6 سال کے لیے نکال دیا گیا تھا۔ پارٹی سے ان کی برخاستگی کی بنیادی وجہ ان کا مبینہ غیر ذمہ دارانہ رویہ بتایا گیا۔ پارٹی کے بانی لالو پرساد یادو، جو تیز پرتاپ کے والد ہیں، نے بھی ان سے ذاتی طور پر ناطہ توڑنے کا اعلان کیا۔
برطرفی سے کچھ روز قبل تیز پرتاپ نے فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ وہ انوشکا نامی خاتون کے ساتھ رشتے میں ہیں۔ بعد میں انہوں نے یہ پوسٹ ہٹا لی اور دعویٰ کیا کہ ان کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا۔ تاہم، ان کے اس دعوے سے تنازعہ مزید بڑھ گیا اور بالآخر لالو یادو نے پارٹی سے ان کی رکنیت ختم کر دی۔
پارٹی سے نکالے جانے کے بعد تیز پرتاپ نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے چھوٹے بھائی اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کا نام لیے بغیر کہا تھا، ’’میرے بھائی، تم پر میرا بھروسہ ہے اور ہر حالت میں میں تمہارے ساتھ ہوں۔ ممی-پاپا کا خیال رکھنا۔ یاد رکھنا، جے چند باہر بھی ہیں اور اندر بھی۔‘‘
اس بیان کو سیاسی حلقوں میں اس خاندانی تنازعہ کی گہرائی سے تعبیر کیا گیا، جو گزشتہ کچھ وقت سے منظرعام پر آ رہا تھا۔ تاہم، تیز پرتاپ نے خود کو منفی سیاست سے الگ کرتے ہوئے اب ہواؤں میں اڑنے کا ارادہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سی پی ایل کورس کی تربیت جلد شروع ہوگی، جس میں تیز پرتاپ اب باقاعدہ داخلہ لے چکے ہیں۔ ان کی یہ پیش رفت نہ صرف ذاتی سطح پر ایک نئی شروعات ہے بلکہ سیاسی حلقوں میں بھی کافی دلچسپی کا سبب بنی ہوئی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب تیز پرتاپ یادو نے روایتی سیاست سے ہٹ کر کسی میدان میں قسمت آزمائی کی ہو۔ اس سے قبل بھی وہ ایکو تھراپی، کرشنا بھکتی اور فلمی دنیا میں دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔ تاہم، اس بار ان کی منزل بطور پائلٹ آسمانوں میں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔