جے این یو: فیس میں اضافے کے خلاف اساتذہ اور طلبا کا شاستری بھون کے سامنے احتجاج

شام چار بجے کے قریب جے این یو کے اساتذہ جب شاستری بھون پہنچے تو پولس نے انہیں پریس کلب کے قریب روکا۔ یہ اساتذہ اور طلبہ احتجاجاً سڑک پر ہی بیٹھ گئے اور نعرے بازی شروع کردی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: اساتذہ اور طلبہ نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں ہاسٹل کی فیسوں میں اضافے کے خلاف پیر کو وزارت انسانی وسائل کی ترقی کے سامنے دھرنا مظاہرہ کیا۔ سینکڑوں اساتذہ اور طلبہ ہاتھ میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر شاستری بھون کے سامنے جمع ہوئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

واضح ر ہے کہ جواہر لال نہرو اساتذہ ایسوسی ایشن نے حال ہی میں انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک کو خط لکھ کر ان کے ساتھ ملاقات کا مطالبہ کیا تھا لیکن اب تک انھیں وقت نہیں دیا گیا ، جس کی وجہ سے اساتذہ میں گہری ناراضگی ہے۔ وزارت نے حال ہی میں جے این یو معاملے کو حل کرنے کے لئے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ لیکن جے این یو اساتذہ اور طلبہ ہاسٹل کی فیسوں پر ڈٹے ہوئے ہیں۔


یونیورسٹی نے ہاسٹل کی فیسوں کو جزوی طور پر کم کیا تھا لیکن طلباء مطالبہ کررہے ہیں کہ اسے مکمل طور پر واپس لیا جائے۔ شام چار بجے کے قریب جے این یو کے اساتذہ جب شاستری بھون پہنچے تو پولس نے انہیں پریس کلب کے قریب روکا۔ یہ اساتذہ اور طلبہ سڑک پر بیٹھ گئے اور احتجاج اور نعرے بازی شروع کردی۔ پولس نے انہیں ہر طرف سے گھیر لیا اور سیکورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ جے این یو کے وائس چانسلر کے تصادم آمیز رویے کی وجہ سے یونیورسٹی میں بحران مزید گہرا ہوگیا ہے ، لہذا انہیں استعفیٰ دینا چاہیے۔ یہ اساتذہ وائس چانسلر کو برطرف کرنے اور تعلیم کی فروخت کرنا بند کرنے جیسے نعرے لگارہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔