ٹاٹا کو مجرمانہ طور پر تباہ کیا جا رہا ہے، کسی کاروباری رہنما میں ایک لفظ کہنے کی جرأت نہیں: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے کاروباری رہنماؤں سے مخاطب ہوتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہندوستانی کاروبار مودی اور شاہ کا ذاتی کھلونا نہیں ہے۔ آپ میں ہمت نہیں ہے، ہم میں ہے۔ ہم ان جرائم کے لیے انصاف یقینی بنائیں گے۔‘‘

کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے بدھ (28 اکتوبر) کو ٹاٹا گروپ کے حوالے سے بڑا بیان دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹاٹا گروپ کو منصوبہ بند طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے اور ملک کا کوئی بھی کاروباری شخص اس معاملے پر کھل کر بولنے کی ہمت نہیں کر پا رہا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ان مبینہ جرائم کے لیے انصاف یقینی بنایا جائے گا۔ راہل گاندھی کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ٹاٹا گروپ کی اہم ہولڈنگ کمپنی ٹاٹا سنز کی قیادت کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے۔ اس تنازعہ کے باعث ٹاٹا ٹرسٹس کے عہدیداروں کے درمیان اختلافات سامنے آئے ہیں۔ معاملہ اب ٹاٹا سنز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تک بھی پہنچ گیا ہے۔
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ٹاٹا کو مجرمانہ طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے اور کوئی بھی کاروباری رہنما اس کے خلاف ایک لفظ کہنے کی ہمت نہیں کر رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کاروباری رہنما سے مخطاب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’آپ آخر کب تک خاموش رہیں گے؟ کیا اس وقت تک، جب تک وہ آپ پر بھی قبضہ نہیں کر لیتے؟‘‘ راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’ہندوستانی کاروبار مودی اور شاہ کا ذاتی کھلونا نہیں ہے۔ آپ میں ہمت نہیں ہے، ہم میں ہے۔ ہم ان جرائم کے لیے انصاف یقینی بنائیں گے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ٹاٹا ٹرسٹس کے چیئرمین نوئل ٹاٹا نے این چندر شیکھرن کو دوبارہ ٹاٹا سنز کا چیئرمین مقرر کرنے کی تجویز کو چیلنج کیا ہے۔ یہ تجویز 17 ستمبر کو ٹاٹا سنز کے بورڈ کی میٹنگ میں منظور کی گئی تھی۔ ٹاٹا سنز، ملک کے بڑے کاروباری گروپوں میں شامل ٹاٹا گروپ کی اہم ہولڈنگ کمپنی ہے۔
