این چندرشیکھرن مزید 5 سال ’ٹاٹا سنز‘ کے چیئرمین برقرار رہیں گے، بورڈ نے مدت کار میں کی توسیع
این چندرشیکھرن نے رواں سال 12 اگست کو اعلان کیا تھا کہ 20 فروری 2027 کو اپنی موجودہ مدت کار پوری ہونے پر وہ تیسری بار یہ عہدہ نہیں سنبھالیں گے۔

ٹاٹا گروپ سے فی الحال ٹاٹا سنز کے چیئرمین این چندرشیکھرن کی رخصتی ٹل گئی ہے۔ ٹاٹا سنز لمیٹڈ کے بورڈ نے جمعرات (17 ستمبر) کو این چندر شیکھرن کو ایگزیکٹو چیئرمین کے طور پر 5 سال کی نئی مدت کار دینے کی منظوری دے دی ہے۔ گروپ نے ہولڈنگ کمپنی کو لسٹ کرانے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ چندرشیکھرن آئی پی او کی تیاری میں اہم کردار ادا کریں گے۔
این چندرشیکھرن کی مدت کار میں توسیع کے علاوہ ٹاٹا سنز کے بورڈ نے کمپنی کی لسٹنگ کو بھی منظوری دے دی ہے۔ حالانکہ ہولڈنگ کمپنی میں اکثریتی حصہ داری رکھنے والے کئی ٹاٹا ٹرسٹ، چیئرمین کے طور پر چندرشیکھرن کی دوبارہ تقرری کو چیلنج کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ چندرشیکھرن نے 12 اگست کو اعلان کیا تھا کہ 20 فروری 2027 کو اپنی موجودہ مدت کار پوری ہونے پر وہ تیسری بار یہ عہدہ نہیں سنبھالیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹاٹا ٹرسٹس کے چیئرمین اور ٹاٹا سنز کے ڈائریکٹر نوئل ٹاٹا نے فروری میں ہوئی بورڈ میٹنگ میں چندرشیکھرن کی مجوزہ تیسری مدت کی مخالفت کی تھی۔ لوگوں نے بتایا کہ نوئل اب بھی قیادت میں تبدیلی کے حق میں ہیں۔ ٹاٹا ٹرسٹس کے پاس مجموعی طور پر ٹاٹا سنز کی تقریباً 66 فیصد حصہ داری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ معاملے سے واقف لوگوں کا کہنا تھا کہ آخرکار چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر سمیت اعلیٰ انتظامیہ کا انتخاب اکثریتی شیئر ہولڈر کی پسند کے مطابق ہوگا۔ اس معاملے میں اکثریتی حصہ داری ٹاٹا ٹرسٹس کے پاس ہے، جس کی نمائندگی ٹاٹا ٹرسٹس کے چیئرمین نوئل ٹاٹا کرتے ہیں۔ 2 اہم ٹاٹا ٹرسٹس میں سے ایک سر دوراب جی ٹاٹا ٹرسٹ (ایس ڈی ٹی ٹی) نے بھی عوامی طور پر کہا ہے کہ وہ چندرشیکھرن کی دوبارہ تقرری کے لیے خود کو پیش نہ کرنے کے فیصلے کا احترام کرتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
