دہلی: اب ’ترون انکلیو‘ بنا کورونا ہاٹ اسپاٹ، 20 افراد ہوئے کورونا پازیٹو

پیتم پورہ واقع ترون انکلیو میں 24 مئی کو کورونا کا پہلا کیس ملا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 20 معاملے سامنے آ چکے ہیں۔ اس پورے علاقہ کو کنٹنمنٹ زون قرار دے دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجدھانی دہلی میں کنٹنمنٹ زون کی فہرست لگاتار طویل ہوتی جا رہی ہے۔ اس فہرست میں پیتم پورہ واقع ترون انکلیو بھی شامل ہو گیا ہے جہاں کورونا کا قہر بڑھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ ترون انکلیو میں رہنے والے 20 افراد اب تک کورونا انفیکشن کی زد میں آ چکے ہیں۔ علاقے کو کنٹمنٹ زون میں شامل کر لیا گیا ہے اور ضلع مجسٹریٹ کے مطابق یہاں 24 مئی کو کورونا کا پہلا کیس ملا تھا، لیکن اس کے بعد سے اب تک کورونا پازیٹو کیسز کی تعداد 20 ہو چکی ہے۔

کورونا کے بڑھتے معاملے کو دیکھتے ہوئے 3 جون کو اس پورے ایریا کو کنٹنمنٹ زون میں شامل کیا گیا۔ ساتھ ہی ترون انکلیو کے مکان نمبر 130 سے لے کر 340 تک کے 750 سے زائد لوگوں کو سیلف کوارنٹائن میں رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کے مطابق کورونا مریضوں کا معاملہ سامنے آنے کے بعد 24 مئی کو ہی اس ایریا کو سیل کر دیا گیا تھا اور ڈی سی، نارتھ ایم سی ڈی کو اس سلسلے میں سینیٹائزیشن کرانے کے لیے کہا گیا تھا۔


بتایا جا رہا ہے کہ اس علاقے میں کورونا انفیکشن کا پھیلاؤ ایک گھر سے ہوا جہاں روزانہ کام کرنے والی ایک ملازمہ آیا کرتی تھی۔ اس خاتون سے پہلے بچوں کو انفیکشن ہوا اور پھر گھر کے باقی سبھی لوگوں میں انفیکشن پھیلا۔ گھر کے بچوں سے یہ انفیکشن کالونی میں کھیلنے والے دیگر بچوں کو ہوا اور پھر ان بچوں سے ان کے گھر والوں میں پھیلا۔ گھر کے بڑے لوگ روزانہ بوقت شام پارک بھی جایا کرتے تھے، جہاں سے انفیکشن کئی دوسرے لوگوں کے گھروں تک پہنچ گیا۔ یہ پوری بات اس وقت سامنے آئی جب ایک شخص نے بخار اور کورونا جیسی علامت ہونے پر ٹیسٹ کرایا اور رپورٹ پازیٹو آ گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔