کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ: شوپیاں میں گرینیڈ حملہ، 2 غیر مقامی مزدور از جان

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی ضلع شوپیاں کے حرمین گاوں میں ملی ٹینٹوں نے درمیانی شب غیر مقامی مزدوروں پر گرینیڈ سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں اُتر پردیش سے تعلق رکھنے والے 2غیر مقامی مزدور برسر موقع ہی از جان ہوئے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پہاڑی ضلع شوپیاں کے حرمین گاوں میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ملی ٹینٹوں نے کرایہ کے کمرے میں رہائش پذیر غیر مقامی مزدوروں پر گرینیڈ سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو مزدور شدید طورپر زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اُنہیں مردہ قرار دیا۔ متوفین کی شناخت مونش کمار اور رام ساگر ساکن کنوج اُتر پردیش کے بطور ہوئی ہے۔


موصوف ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔ بتادیں کہ ہفتے کے روز ملی ٹینٹوں نے چودھری گنڈ شوپیاں میں کشمیری پنڈت کوگولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ ضلع میں کشمیری پنڈتوں اور غیر مقامی مزدوروں پر ہو رہے حملوں کے بعد سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں ضلع میں غیر مقامی مزدوروں اور کشمیری پنڈتوں کی حفاظت کویقینی بنانے کی خاطر اضافی اہلکاروں کی بھی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق شوپیاں میں رات بھر چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا جس دوران کئی مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔