’آئنسٹائن احمق، مودی کے وزیر گریٹ سائنٹسٹ‘، تمل ناڈو کے سائنسداں نے توڑے چاپلوسی کے ریکارڈ

تمل ناڈو کے سائنسداں کنک جگاتھلا کرشنن نے ایک تقریب کے دوران حیران کن انکشاف کیا ہے، انہوں نے لفاظی کرتے ہوئے کہا، ’’مستقبل میں آئی ٹی کے وزیر ہرش وردھن عبد الکلام سے بڑے سائنسداں بنیں گے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پنجاب کے جالندھر میں 106ویں انڈین سائنس کانگریس کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ملک کے کئی جانے مانے سائنسدان شامل ہوئے اور تبادلہ خیال کیا۔ لیکن اس دوران تمل ناڈو کے سائنسداں کنک جگاتھلا کرشنن نے وزیر اعظم مودی اور بی جے پی حکومت کی چاپلوسی کے تمام ریکارڈ توڑ دئے۔ انہوں نے آئنسٹائن کی تھیوری کو ہی غلط قرار دے دیا۔ اتنا ہی نہیں آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) کے وزیر ہرش وردھن کا موازنہ ’میزائل مین‘ اے پی جے عبد الکلام سے کیا اور انہیں کلام سے بہتر سائنسداں تک کہہ ڈالا!

اطلاعات کے مطابق جمعہ کو آئنسٹائن کی تھیوری پر بحث کے لئے سائنسداں کنک جگاتھلا کرشنن کو بلایا گیا تھا۔ جیسے ہی انہوں نے بولنا شروع کیا، انہوں نے سب سے پہلے نیوٹن اور آئنسٹائن کو ناسمجھ بتایا اور ان نظریات کو غلط قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ’’آئنسٹائن کو رلیٹیوٹی کی تھیوری اور نیوٹن کو گریویٹیشن کے اصولوں کی صحیح معلومات نہیں تھی۔ ان دونوں سائنسدانوں کے پاس گریویٹیشن فورس کی معلومات بھی نام کی ہی تھی۔ وہ بہت سے سوالوں کے جواب نہیں دے پائے تھے۔‘‘ اتنا ہی نہیں، انہوں نے کہا ’’ بلکہ آئنسٹائن نے فزکس کے پرنسپل آف رلیٹیوٹی کو لے کر دنیا کو گمراہ کیا۔‘‘ واضح رہے کہ کرشنن تمل ناڈو میں واقع ورلڈ کمیونٹی سروس سینٹر کے سینئر سائنسداں ہونے کا دعوی کرے ہیں۔

سائنس داں کنک جگاتھلا کرشنن کی لفاظی یہیں نہیں رکی، انہوں نے مزید کہا کہ جن سوالوں کے جواب آئنسٹائن اور نیوٹن نہیں کھوج پائے ان کا حل ان کے پاس ہے۔ جگاتھلا کرشنن نے یہ بھی دعوی کیا کہ اگر لوگوں نے ایک مرتبہ گریویٹیشنل تھیوری کے میرے نظریہ کو قبول کر لیا تو انقلاب آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں گریویٹیشن شعاؤوں کا نام وہ ’نریندر مودی ترنگ‘ اور گریویٹیشن فورس کا نام ’ہرش وردھن پربھاؤ‘ رکھ دیں گے۔

انہوں ایک اور حیران کر دینے والا دعوی کرتے وہئے کہا کہ مستقبل میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر ہرش وردھن ہندوستان کے ’میزائل مین‘ اے پی جے عبدالکلام سے بڑے سائنسداں ثابت ہوں گے اور دنیا انہیں سلام کرے گی۔ کرشنن نے مزید کہا کہ گریویٹیشن کو سمجھنے والے اپنے نظرییوں کو وہ اسٹیفن ہاکنگ اور دنیا کے دیگر بڑے محققوں کے ساتھ مشترکہ کریں گے۔ حالانکہ بڑی بڑی ہانکتے وقت یہ نام نہاد سائنسداں یہ بھول گئے یہ اسٹیفن ہاکنگ کا 14 مارچ 2018 کو انتقال ہو چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */