شدید بارش کے سبب تمل ناڈو میں ریڈ الرٹ، اسکول و کالج بند اور پروازیں منسوخ، گردابی طوفان کا خطرہ بھی لاحق

چنئی کے مشہور مرینا بیچ پر بھی موسم کافی خراب ہے اور شمال مشرقی مانسون کی شدت کے سبب ساحل پر تیز ہوائیں چل رہی ہیں، یہاں گردابی طوفان کا خطرہ بنا ہوا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>بارش کی علامتی تصویر/ یو این آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کی کچھ ریاستوں میں اب بھی بارش کا قہر جاری ہے۔ تمل ناڈو اور پڈوچیری میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ 24 گھنٹے سے ہو رہی شدید بارش کے سبب تمل ناڈو کے کئی شہروں میں حالات کافی بگڑ گئے ہیں۔ چنئی میں اسکولوں میں چھٹیاں کر دی گئی ہیں اور ساتھ ہی کئی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ ابھی تھمنے والا نہیں ہے اور اگلے 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا ہے کہ جنوبی خلیج بنگال میں ایک گردابی طوفان آنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ اس کے مغرب-شمال-مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی بدھ کو شمالی تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلوں سے دور جنوب-مغرب اور اس سے متصل مغربی وسطی خلیج بنگال کے اوپر ایک دباؤ علاقہ میں مرتکز ہونے کی امید ہے۔


محکمہ موسمیات کی جانب سے ساحلی تمل ناڈو کے کئی اضلاع جیسے ولوپورم، کڈڈالور، مائیلادوتھورائی، ناگاپٹنم، ترووالور، تنجاور، پڈوکوٹائی اور رامناتھ پورم کے لیے شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ راجدھانی چنئی کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیلم، تروچیراپلی، ویلور، تروپتر، دھرما پوری اور پڈوکوٹائی اضلاع میں الگ الگ مقامات پر بھی بارش ہونے کی امید ہے۔ ساتھ ہی گزشتہ 24 گھنٹہ ہونے والی شدید بارش کے سبب راجدھانی چنئی سمیت ریاست کے کئی علاقے زیر آب ہو گئے ہیں، جس کے سبب لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس درمیان چنئی کے مشہور مرینا بیچ پر بھی موسم کافی خراب ہے اور شمال مشرقی مانسون کی شدت کے سبب ساحل پر تیز ہوائیں چل رہی ہیں، یہاں گردابی طوفان کا خطرہ بنا ہوا ہے۔

دوسری جانب ممبئی میں بھی منگل سے مسلسل شدید بارش جاری ہے اور اگلے 3 دنوں تک ہلکی اور درمیانی بارش ہونے کی امید ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی اور ٹھانے اضلاع میں جمعرات سے ہفتہ تک 3 دنوں تک ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کی امید ہے۔ اس دوران گرج کے ساتھ چھینٹے بھی پڑ سکتے ہیں۔ جنوبی کونکن کے رتناگیری میں ہفتہ تک اور سندھودرگ ضلع میں  جمعہ تک یلو الرٹ جاری کیا گیا۔ رائے گڑھ ضلع میں بدھ کو ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کی امید ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔