تمل ناڈو: فلور ٹیسٹ سے قبل نومنتخب وزیر اعلیٰ تھلاپتی وجے کی ’اے آئی اے ڈی ایم کے‘ کے باغی گروپ سے ملاقات
وجے اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے باغی لیڈران ویلومنی اور شنموگم کی ملاقات کو کافی اہم مانا جا رہا ہے، کیونکہ ویلومنی-شنموگم گروپ کے پاس اے آئی اے ڈی ایم کے 47 میں سے تقریباً 30 اراکین اسمبلی کا سپورٹ ہے

تمل ناڈو اسمبلی میں کل یعنی 13 مئی کو ہونے والے فلور ٹیسٹ سے قبل ریاست کی سیاست میں ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ اور ٹی وی کے صدر تھلاپتی وجے نے منگل کو اے آئی اے ڈی ایم کے کے باغی لیڈران ایس پی ویلومنی اور سی وی شنموگم سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کو انتہائی اہم مانا جا رہا ہے، کیونکہ ویلومنی-شنموگم گروپ کے پاس اے آئی اے ڈی ایم کے 47 میں سے تقریباً 30 اراکین اسمبلی کا سپورٹ بتایا جا رہا ہے۔ ایسے میں قوی امکان ہے کہ یہ اراکین اسمبلی فلور ٹیسٹ میں ٹی وی کے حکومت کے حق میں ووٹ کر سکتے ہیں۔
ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق وجے اپنے مخصوص سیاہ سوٹ اور سفید شرٹ میں اے آئی اے ڈی ایم کے کے مقامی دفتر پہنچے، جہاں شنموگم، ویلومنی اور پارٹی کے کئی دیگر لیڈران موجود تھے۔ لیڈران نے پھولوں کے گلدستے پیش کر کے وجے کا استقبال کیا اور شال اوڑھا کر ان کی عزت افزائی کی۔ اس دوران کئی اے آئی اے ڈی ایم کے لیڈران وجے کے ساتھ بات چیت کرتے نظر آئے۔ وجے نے بھی ویلومنی، شنموگم اور پارٹی کے دیگر اراکین کے ساتھ طویل گفتگو کی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل تک جب تمل ناڈو میں حکومت سازی کے حوالے سے سیاسی غیر یقینی صورتحال برقرار تھی، شنموگم اور ویلومنی نے کھل کر وجے کی حمایت کرنے کی بات کہی تھی۔
وجے کی پارٹی تملگا ویٹری کزگم (ٹی وی کے) نے تمل ناڈو کے حالیہ اسمبلی انتخاب میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 234 میں سے 108 سیٹیں حاصل کیں۔ حالانکہ پارٹی اکثریت سے محض 10 سیٹیں پیچھے رہ گئی تھی، جس کے باعث اسے اتحاد کا سہارا لینا پڑا۔ اسی دوران اے آئی اے ڈی ایم کے کے لیڈران شنموگم اور ویلومنی نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے ساتھ پارٹی کے 30 اراکین اسمبلی ہیں اور وہ ٹی وی کے کو حمایت دینے کے لیے تیار ہیں۔ تاہم اے آئی اے ڈی ایم کے کے جنرل سکریٹری ایڈاپڈی کے پلانی سوامی نے اس تجویز کو منظوری نہیں دی، جس کے بعد پارٹی کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے۔
نتیجہ یہ ہوا کہ اے آئی اے ڈی ایم کے 2 گروپ میں تقسیم ہو گئی ہے۔ ایک طرف پلانی سوامی گروپ ہے، جبکہ دوسری طرف ویلومنی-شنموگم گروپ نے کھل کر الگ موقف اپنا رکھا ہے۔ 2019، 2021، 2024 اور 2026 کے انتخابات میں مسلسل شکست کے بعد اے آئی اے ڈی ایم کے کے کئی لیڈر پلانی سوامی کی قیادت سے ناراض بتائے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پارٹی میں بے چینی کھل کر سامنے آنے لگی ہے۔ دوسری طرف فلور ٹیسٹ کے حوالے سے تمل ناڈو کانگریس کے صدر کے سیلواپیرونتھاگئی نے کہا کہ ان کی پارٹی کے 5 اراکین اسمبلی کل ٹی وی کے کے حق میں ووٹ دیں گے۔ اے آئی اے ڈی ایم کے کے رویے پر انہوں نے کہا کہ ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے، لیکن آنے والے چند دنوں میں سچائی سامنے آ جائے گی۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
