تمل ناڈو: نیٹ امتحان کے خلاف دستخطی مہم میں ڈی ایم کے لیڈر اودے ندھی اسٹالن کی شرکت

تمل ناڈو کے وزیر برائے کھیل اور ڈی ایم کے لیڈر اودے ندھی اسٹالن نے کہا کہ نیٹ امتحان کے خلاف شروع دستخطی مہم کے کاغذات ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ اسٹالن صدر جمہوریہ کو خط لکھ کر اپنا رخ بتائیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>اودے ندھی اسٹالن، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/Udhaystalin">@Udhaystalin</a></p></div>

اودے ندھی اسٹالن، تصویر@Udhaystalin

user

قومی آوازبیورو

تمل ناڈو میں نیٹ امتحان کو لے کر ایک بار پھر ماحول کافی گر ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ نیٹ امتحان کے خلاف تمل ناڈو میں دستخط مہم شروع کی گئی ہے جس میں ریاست کے وزیر کھیل اور ڈی ایم کے لیڈر اودے ندھی اسٹالن نے بھی حصہ لیا۔ آج اس دستخطی مہم میں شریک ہونے کے بعد انھوں نے کہا کہ ’’اس دستخطی مہم کے ختم ہوتے ہی کاغذات ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن صدر جمہوریہ کو خط لکھ کر ایک بار پھر نیٹ کے خلاف اپنا رخ ظاہر کریں گے۔‘‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی ایم کے لیڈر ادے ندھی اسٹالن نے دستخطی مہم کے لیے جمع ہجوم کو ایک انڈا دکھایا جس پر ’NEET‘ لکھا ہوا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ انڈے کے لیے تمل لفظ ’متائی‘ استعمال ہوتا ہے جس کے معنی ’صفر‘ ہیں۔ دراصل یہ اس بات کے خلاف ناراضگی کا اظہار ہے کہ قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ یعنی نیٹ پی جی کا فیصد ’صفر پرسنٹائل‘ تک کم کر دیا گیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ دستخطی مہم کی شروعات سب سے پہلے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے چیف ایم کے اسٹالن نے کی ہے۔ اس دستخطی مہم کا مقصد ہے 50 دنوں میں 50 لاکھ دستخط جمع کرنا۔ یہ دستخط آن لائن اور پوسٹ کارڈ کے ذریعے بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔ تمام دستخط جمع ہونے کے بعد انھیں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو بھیجا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔