طالبان کی پیش قدمی: مزارِ شریف سے تمام سفارت کاروں کو واپس بلائے گا ہندوستان

افغانستان میں طالبان کے تسلط کے پیش نظر ہندوستان نے تمام ہندوستانی ملازمین اور حکام کو مزار شریف سے واپس بلائے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

افغان طالبان / Getty Images
افغان طالبان / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: افغانستان کے حالات اس وقت انتہائی کشیدہ ہیں اور طالبان ہر روز مضبوط ہو رہا ہے۔ دریں اثنا، حکومت ہند نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے افغانستان کے شہر مزار شریف میں واقع قونصل خانے میں کام کرنے والے ہندوستانی ملازمین کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کچھ روز قبل مرکزی حکومت کی جانب سے قندھار میں موجود ہندوستانی سفارت خانہ سے تمام سفارت کاروں کو واپس بلا لیا تھا۔

افغانستان میں طالبان کے تسلط کے پیش نظر ہندوستان نے تمام ہندوستانی ملازمین اور حکام کو مزار شریف سے واپس بلائے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ افغانستان کے حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑ رہے ہیں اور طالبان جنگجوؤں کا قبضہ بڑھ رہا ہے۔ پچھلے دو تین دنوں میں طالبان نے افغانستان کے پانچ صوبوں کے دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان اپنے سفارت کار کے حوالے سے کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتا۔

مزار شریف میں موجود ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ مزار شریف سے ایک خصوصی پرواز منگل کی شام نئی دہلی کے لیے روانہ ہوگی۔ جو بھی ہندوستانی آس پاس موجود ہو وہ شام کی پرواز سے نئی دہلی کے لیے روانہ ہو جانا چاہئے۔

معلومات میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ہندوستانی جو نئی دہلی جانا چاہتا ہے، اسے فوری طور پر اپنا پورا نام، پاسپورٹ نمبر اور دیگر معلومات واٹس ایپ پر بھیجنی چاہئیں۔ ساتھ میں یہ موبائل نمبر (0785891303، 0785891301) بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ افغانستان کے کئی شہر اس وقت طالبان کے قبضے میں ہیں۔ افغان حکومت اب دارالحکومت کابل سمیت کچھ ہی مقامات تک محدود رہ گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔