تاج محل محبت کی علامت نہیں، اسے گرا کر مندر تعمیر کرائیں! بی جے پی رکن اسمبلی کی وزیر اعظم مودی سے اپیل

یوپی میں بچوں کی نصابی کتب سے مغلیہ تاریخ کو حذف کرنے کے اعلان کے بعد اب آسام سے بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کے لیلڈر نے تاج محل کو منہدم کرنے کی اپیل کی ہے!

تاج محل / Getty Images
تاج محل / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

گوہاٹی: یوپی میں بچوں کی نصابی کتب سے مغلیہ تاریخ کو حذف کرنے کے اعلان کے بعد اب آسام سے بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کے لیلڈر نے تاج محل کو منہدم کرنے کی اپیل کی ہے! رکن اسمبلی روپ جیوتی کرمی نے کہا کہ ’’تاج محل محبت کی علامت نہیں ہے اور میں وزیر اعظم مودی سے اپیل کرتا ہوں کہ اسے فوری طور پر منہدم کرا دیں۔‘‘

بی جے پی رکن اسمبلی نے صرف تاج محل کو ہی نہیں بلکہ دہلی کی قطب مینار کو بھی منہدم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاج محل پر بات کرتے ہوئے روپ جیوتی نے کہا ’’اس بات کی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ آیا مغل بادشاہ شاہجہاں اپنی اہلیہ ممتاز سے حقیقی طور پر محبت کرتے تھے؟ اگر وہ محبت کرتے تھے تو انہوں نے ممتاز محل کی وفات کے بعد مزید تین شادیاں کیوں کی تھیں؟‘‘


انہوں نے مزید کہا کہ مغل 1526 میں ہندوستان آئے اور اس کے بعد شاہجہاں نے 1632 میں تاج محل تعمیر کرایا، تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس کی تعمیر کے لیے دولت کہاں سے آئی۔ روپ جیوتی نے کہا کہ تاج محل کی تعمیر میں دولت ہماری یعنی ہندوستانیوں کی صرف ہوئی، پھر اس میں شاہجہان کا کیا کردار ہے؟

بی جے پی رکن اسمبلی نے مزید کہا ’’میں وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کرتا ہوں کہ تاج محل اور قطب مینار کو منہد کرا دیں اور ان کے مقام پر دنیا کے سب سے خوبصورت مندر تعمیر کرائے جائیں۔ اس کے لیے میں پانی مہینوں کی تنخواہ عطیہ کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘‘


خیال رہے کہ روپ جیوتی کرمی چار مرتبہ کے رکن اسمبلی ہیں اور سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ وہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے مخالف ہیں۔ انہوں نے 2021 میں کانگریس کا ساتھ چھوڑا تھا اور اس کے بعد بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد وہ پھر سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔