طاہر حسین کے بعد ان کے بھائی شاہ عالم بھی پولس حراست میں

دہلی پولس انکت شرما مرڈر کیس کے سلسلے میں شاہ عالم سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے، اور اس مرڈر کیس میں گزشتہ جمعہ کو طاہر حسین کو بھی حراست میں لیا گیا تھا اور ان سے اب بھی پوچھ تاچھ جاری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی تشدد کی جانچ کر رہی پولس نے عام آدمی پارٹی سے معطل کونسلر طاہر حسین کے بھائی شاہ عالم کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ شاہ عالم پر بھی الزام ہے کہ گزشتہ دنوں دہلی تشدد کے دوران چاند باغ علاقہ میں ہوئے واقعہ میں وہ شامل تھے۔ دہلی پولس انکت شرما مرڈر کیس کے سلسلے میں شاہ عالم سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے، اور اس مرڈر کیس میں طاہر حسین کو بھی حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔ طاہر حسین کو گزشتہ جمعہ کے روز حراست میں لیا گیا تھا۔


قابل ذکر ہے کہ سابق عآپ کونسلر طاہر حسین کو پولس نے انکت شرما مرڈر کیس میں اس لیے گرفتار کیا کیونکہ ان کے گھر سے پتھر بازی، پٹرول بم پھینکنے اور چھت پر موجود قابل اعتراض چیزوں کی تصویریں وائرل ہوئی تھیں۔ ان تصویروں کے سامنے آنے کے بعد سیاسی گلیاروں سے لے کر سماجی سطح پر کافی ہنگامہ ہوا۔ شروع میں تو عام آدمی پارٹی کے لیڈر نے الزامات سے انکار کرتے ہوئے خود کو مظلوم ثابت کرنے کی کوشش کی، لیکن بعد میں پولس نے طاہر حسین کے خلاف کیس درج کر لیا اور پھر عآپ نے بھی انھیں پارٹی سے معطل کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پولس نے طاہر حسین سے چاند باغ تشدد اور انکت شرما مرڈر کیس کے تعلق سے کئی بار پوچھ تاچھ کی اور طاہر حسین کے کئی قریبی لوگ اور رشتہ دار پولس کے شک کے دائرے میں ہیں۔ اسی کے تحت طاہر حسین کے بھائی شاہ عالم کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ اس سے قبل پولس نے طاہر حسین کی لائسنسی پستول اور کئی کارتوس ان کے گھر سے ضبط کیے تھے جسے فورنسک جانچ کے لیے بھیجا گیا ہے۔ فورنسک جانچ کے ذریعہ یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پستول سے دہلی تشدد کے دوران کوئی گولی چلی تھی یا نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔