کولگام میں مشتبہ ملی ٹنٹوں نے راجستھان کے بینک منیجر کو گولی مار کر کیا ہلاک

ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے آرہ علاقے میں جمعرات کی صبح ملی ٹنٹوں نے علاقائی دیہاتی بینک کے ایک برانچ منیجر پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے

کشمیر تصادم / علامتی تصویر / آئی اے این ایس
کشمیر تصادم / علامتی تصویر / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے آرہ موہن پورہ علاقے میں جمعرات کی صبح مشتبہ ملی ٹینٹوں نے راجستھان سے تعلق رکھنے والے ایک بینک منیجر کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے آرہ علاقے میں جمعرات کی صبح ملی ٹینٹوں نے علاقائی دیہاتی بینک کے ایک برانچ منیجر پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ زخمی بینک منیجر کو نازک حالت میں ضلع ہسپتال کولگام پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جب وہ صبح بینک کی برانچ میں داخل ہو رہے تھے تو ان پر حملہ کیا گیا۔ منیجر کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔


متوفی منیجر کی شناخت وجے کمار ساکن ہنو مان گڑھ راجستھان کے بطور ہوئی ہے۔ دریں اثنا واقعہ رونما ہونے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ اسی ضلع میں سانبہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ٹیچر رجنی بالا کی ہلاکت کے دو روز بعد پیش آیا ہے۔ ایک اور واردات میں بدھ کی شام شوپیاں کے چڈ رن کیگام علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے فاروق احمد نامی ایک شخص کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */