لوک سبھا سے اخراج کے خلاف مہوا موئترا کی درخواست، سپریم کورٹ آج کرے گا سماعت

جسٹس سنجیو کھنہ کی سربراہی والی بنچ کیس کی سماعت کرے گی۔ موئترا نے بدھ کو اپنی عرضی کی جلد سماعت کی درخواست کی تھی

<div class="paragraphs"><p>مہوا موئترا / آئی اے این ایس</p></div>

مہوا موئترا / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ترنمول کانگریس لیڈر مہوا موئترا نے لوک سبھا سے ان کے اخراج کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے، جس پر آج سماعت کی جائے گی۔ جسٹس سنجیو کھنہ کی سربراہی والی بنچ کیس کی سماعت کرے گی۔ موئترا نے بدھ کو اپنی عرضی کی جلد سماعت کی درخواست کی تھی۔

آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت عدالت عظمیٰ میں دائر اپنی درخواست میں موئترا نے اپنے اخراج کے فیصلے کو ’نامناسب، غیر منصفانہ، اور من مانی‘ قرار دیا۔

قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال کے کرشن نگر پارلیمانی حلقہ سے رکن پارلیمنٹ موئترا کو 8 دسمبر کو پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے نکال دیا گیا تھا۔ ان کے خلاف کارروائی 'پارلیمانی سوالات کے لیے نقد' کے الزام پر اخلاقیات کمیٹی کی تحقیقات کے بعد کی گئی۔


پارلیمانی سوالات کے لئے نقد رقم کے مبینہ الزام پر موئترا کی برخاستگی کا اعلان کرتے ہوئے، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا تھا، ’’یہ ایوان کمیٹی کے نتائج کو قبول کرتا ہے کہ رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کا بطور رکن پارلیمنٹ طرز عمل غیر اخلاقی تھا اور ان کا رکن پارلیمنٹ رہنا مناسب نہیں ہے۔‘‘

اپنے اخراج کے فوراً بعد موئترا نے کہا تھا کہ اخلاقی پینل کے پاس اسے نکالنے کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ تاجر سے نقد رقم لینے کا کوئی ثبوت نہیں ہے، جو کہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے اور ان کے سابق ساتھی جے اننت دیہادرائی نے لگایا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں ہیرانندنی اور دیہادرائی سے جرح کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔