نئی دہلی ریلوے اسٹیشن حادثے کی ’سی بی آئی‘ جانچ کی درخواست سپریم کورٹ سے مسترد
سپریم کورٹ نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن حادثے کی سی بی آئی جانچ کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے درخواست گزار سے ثبوت مانگا، لیکن وہ کوئی واضح معلومات فراہم نہ کر سکا۔ ہائی کورٹ میں الگ عرضی زیر سماعت ہے

نئی دہلی ریلوے اسٹیشن / آئی اے این ایس
سپریم کورٹ نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن حادثے کی سی بی آئی جانچ کرانے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ یہ درخواست آنند لیگل فورم ٹرسٹ نامی تنظیم کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 200 تک ہو سکتی ہے، جب کہ ریلوے محض 18 اموات کی تصدیق کر رہا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار سے اس دعوے کا ثبوت مانگا لیکن وہ کوئی ٹھوس بنیاد پیش نہیں کر سکا۔
جسٹس بھوشن راماکرشن گوائی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کی بنچ نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آیا وہ کسی ایسے متاثرہ فرد کو جانتا ہے جسے اب تک معاوضہ نہیں ملا ہو؟ درخواست گزار اس بارے میں بھی کوئی واضح جواب نہیں دے سکا۔ عدالت نے کہا کہ اگر کسی متاثرہ کو معاوضہ نہیں ملا ہے، تو وہ خود عدالت سے رجوع کر سکتا ہے، بغیر کسی معتبر معلومات کے ایسی درخواست دائر نہیں کی جا سکتی۔
درخواست میں ریلوے حکام پر لاپرواہی اور حقائق چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے آزادانہ تحقیقات کی مانگ کی گئی تھی۔ اس میں ریلوے اسٹیشن اور اسپتال کے تمام سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ رکھنے کی بھی درخواست کی گئی تھی لیکن سپریم کورٹ نے درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس حادثے سے متعلق ایک اور عرضی دہلی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، جس میں پلیٹ فارم اور ٹرین میں مسافروں کے داخلے کے ضابطوں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے کو اہم تسلیم کرتے ہوئے ریلوے سے جواب طلب کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔