پردیومن قتل معاملے میں  مرکز اور ہریانہ حکومت کو نوٹس

Getty Images
Getty Images
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ’ریان انٹرنیشنل اسکول‘ کے سات سالہ طالب علم پردیومن کے قتل معاملے میں مرکزی حکومت، وزارت برائے فروغ انسانی وسائل اور حکومت ہریانہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین ہفتہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی ہریانہ حکومت نے پردیومن کے والد کا وہ مطالبہ بھی قبول کر لیا جس میں انھوں نے قتل کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔

آج عدالت عظمیٰ نے پردیومن کے والد ورون ٹھاکر کی عرضی پر سماعت کے دوران اس طرح کے قتل پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ایک بچے کا نہیں، پورے ملک کے بچوں کا معاملہ ہے۔‘‘ ورون ٹھاکر نے اپنی عرضی میں صرف ریان اسکول کے خلاف کارروائی کرنےکا ہی مطالبہ نہیں کیا ہے بلکہ ملک کے سبھی اسکولوں کے مینجمنٹ کی جوابدہی اور ذمہ داری طے کیے جانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اسکول کے اندر بچوں کے ساتھ کسی بھی طرح کا حادثہ ہوتا ہے تو مینجمنٹ، ڈائریکٹر، پرنسپل، پرموٹر سب کے خلاف لاپروائی کا الزام عائد ہو اور کارروائی کی جائے۔

عدالت سے نکل کر پردیومن کے والد ورون ٹھاکر نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’سپریم کورٹ پر مجھے مکمل اعتماد ہے اور ہریانہ حکومت سے بھی مثبت جواب ملا ہے۔ مجھے امید ہے کہ پردیومن کو انصاف ملے گا اور قصورواروں کو سخت سزا دی جائے گی۔‘‘

اس سے قبل اسکول کے دو سینئر افسروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ایک سینئر پولس افسر نے اس سلسلے میں بتایا کہ ’’اسکول کے شمالی ہند سربراہ فرانسس تھامس اور کو آرڈینیٹر و ایچ آر ہیڈ کو اتوار کی رات ’جووینائل جسٹس ایکٹ‘ (جے جے اے) کی دفعہ 75 کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘‘ انھوں نے بتایا کہ اسکول انتظامیہ پر بھی جے جے اے کے تحت مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔ 8 ستمبر کو پولس نے اسکول بس کنڈکٹر اشوک کمار کو بھی پردیومن کے وحشیانہ قتل کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

اتوار کے روز اسکول کے باہر مظاہرہ کر رہے لوگوں کو قابو میں کرنے کے لیے پولس کے ذریعہ کی گئی لاٹھی چارج میں فوٹوگرافروں سمیت تقریباً 50 لوگوں کے زخمی ہونے کے بعد سوہنا تھانہ کے ایس ایچ او ارون کمار کو آج معطل کر دیا گیا ہے۔ ایک سینئر افسر نے اس سلسلے میں کہا کہ ’’سوہنا تھانہ انچارج کو فوری اثر سے معطل کر دیا گیا کیونکہ انھوں نے اپنی ذمہ داری نبھانے میں لاپروائی کی۔‘‘ علاوہ ازیں اسکول انتظامیہ نے جونیئر اور نرسری سیکشن آئندہ حکم تک بند کرنے کا فیصلہ لیا ہے جب کہ 6 سے 12ویں کلاس تک کے بچوں کے امتحان ہیں اس لیے اسکول بدھ سے کھل جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔