سپریم کورٹ تنازعہ ختم، چاروں جج کام پر لوٹے

کورین جوسف، رنجن گوگوئی، جے چیلامیشور اور مدن لاکُر آج صبح اپنے کام پر واپس لوٹ آئے۔ چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مشرا بھی معمول کے مطابق عدالت پہنچے۔

سپریم کورٹ
سپریم کورٹ
user

قومی آوازبیورو

تین دنوں کی گہماگہمی کے بعد آج ججوں کے درمیان پیدا شدہ تنازعہ حل ہو گیا۔ بار کاؤنسل آف انڈیا کے چیئرمین منن مشرا نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’’ہم اپنی مہم میں کامیاب رہے۔ ججوں کا تنازعہ یا اختلاف گھر کی بات تھی۔ ہم چیف جسٹس آف انڈیا اور چاروں ججوں کے شکرگزار ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’عدلیہ کے وقار کو قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ یہ ججوں کا معاملہ تھا تو انھوں نے خود ہی اسے سلجھا لیا۔‘‘ ذرائع کے مطابق صبح کے وقت چائے پر اس سلسلے میں ججوں کے درمیان تین گھنٹے تک تبادلۂ خیال ہوا تھا جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ جلد ہی معاملہ حل ہو جائے گا۔

بار کاؤنسل آف انڈیا نے آج پریس کانفرنس کر کے باضابطہ ججوں کا تنازعہ ختم ہونے کی خبر میڈیا کو دی۔ منن مشرا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’معاملہ ختم ہو گیا ہے، سپریم کورٹ کی سبھی عدالتوں میں معمول کے مطابق کام ہو رہا ہے۔‘‘ اس سے قبل آج (سوموار) صبح چاروں جج یعنی کورین جوسف، رنجن گوگوئی، جے چیلامیشور اور مدن لاکُر اپنے کام پر واپس لوٹ آئے۔ چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مشرا بھی آج عدالت پہنچے لیکن انھوں نے ججوں سے متعلق تنازعہ پر اپنا کوئی رد عمل پیش نہیں کیا۔ چاروں ججوں نے میڈیا سے اس سلسلے میں کوئی بات نہیں کی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل آج صبح اٹارنی جنرل آف انڈیا وینو گوپال نے اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججوں کی چیف جسٹس آف انڈیا سے ناراضگی جلد ختم ہو جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔