جمہوریت یقینی بنانے کے لیے اصول سازی کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر ہوئی ’سپریم‘ سماعت، الیکشن کمیشن سے جواب طلب

مفاد عامہ عرضی میں مرکزی حکومت کو ایسی ہدایات دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے جس سے سیاست میں بدعنوانی، نسل پرستی اور جرائم کاری کے خطرات کم ہو سکیں۔

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

عدالت عظمیٰ میں ایک مفاد عامہ عرضی داخل کی گئی ہے، جس میں جمہوریت، شفافیت اور سیاسی انصاف یقینی بنانے کے لیے سیاسی پارٹیوں کے رجسٹریشن سے متعلق اصول بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس مفاد عامہ عرضی پر سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر ان کا جواب طلب کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے مرکز اور الیکشن کمیشن سے 4 ہفتہ میں جواب دینے کو کہا ہے اور عرضی دہندہ کو اس معاملے میں سبھی رجسٹرڈ سیاسی پارٹیوں کو فریق بنانے کی ہدایت دی ہے۔ عرضی میں مرکزی حکومت کو ایسی ہدایات دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے جس سے سیاست میں بدعنوانی، نسل پرستی اور جرائم کاری کے خطرات کم ہو سکیں۔

اس درمیان سپریم کورٹ میں ’اے ڈی جے کے عہدہ پر تقرری‘ کے لیے جیوڈیشیل افسران کی اہلیت معاملے پر بھی سماعت ہوئی۔ عدالت عظمیٰ نے سوال سامنے رکھا کہ کیا ایک جیوڈیشیل افسر، جنھوں نے جیوڈیشیل سروس میں آنے سے قبل ہی بار میں 7 سال مکمل کر لیے ہیں، خالی عہدہ کو دیکھتے ہوئے وہ اے ڈی جے بننے کا حقدار ہے یا نہیں۔ عدالت 23 ستمبر سے اس معاملے پر سماعت کرے گی اور 3 دنوں تک، یعنی 25 ستمبر تک دلیلیں سنے گی۔


قابل ذکر ہے کہ آئین کا آرٹیکل 233 ضلعی ججوں کی تقرری سے متعلق ہے، اور اس میں لکھا ہے کہ ’کوئی شخص جو پہلے ہی یونین یا اسٹیٹ کی سروس میں نہیں ہے، ضلع جج مقرر ہونے کے لیے تبھی اہل ہوگا جب وہ کم از کم 7 سالوں تک وکیل رہا ہو اور ہائی کورٹ کے ذریعہ تقرری کے لیے اس کی سفارش کی گئی ہو‘۔ بنچ نے کہا کہ اسے اس بات کی جانچ کرنی ہوگی کہ کیا بار میں پریکٹس اور اس کے بعد جیوڈیشیل سروس کے مشترکہ تجربہ کو اہلیت میں شمار کیا جا سکتا ہے؟ ہائی جیوڈیشیل سروس کے تحت آنے والا اے ڈی جے عہدہ ذیلی جیوڈیشیل افسران کے پروموشن سے بھرے جاتے ہیں۔ یہ عہدہ وکیلوں کی براہ راست تقرری کے ذریعہ سے بھی بھرے جاتے ہیں، جن کے پاس بار میں کم از کم 7 سالوں کا تجربہ ہو۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا کوئی ذیلی جیوڈیشیل افسر بھی وکیلوں کے لیے براہ راست بھرتی والے کوٹہ کے تحت اے ڈی جے کے عہدوں کے لیے درخواست دے سکتا ہے، اور جیوڈیشیل افسر یا وکیل، یا دونوں کیش کل میں اس کے 7 سالوں کے تجربات کو شمار کیا جا سکتا ہے؟