کمیونٹی کچن: حلف نامہ داخل نہ کرنے والی ریاستوں کا جرمانہ سپریم کورٹ نے دوگنا کیا

عدالت نے بھکمری کی وجہ سے ملک میں ہونے والی اموات اور فوڈ سیکورٹی کے سلسلے میں سخت رخ اختیار کرتے ہوئے گزشتہ پیر کو مرکز اور ریاستی حکومتوں کی بےحسی پر جرمانہ لگایاتھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ملک بھر میں کمیونٹی کچن بنائے جانے کےمعاملے میں حلف نامہ داخل نہ کرنے پر دہلی،مہاراشٹر،منی پور،اوڈیشہ اور گوا پر جرمانے کی رقم بڑھاکر 10لاکھ روپے کردی ہے۔ جسٹس این وی رمن کی صدارت والی بنچ نے پیر کو گزشتہ 10فروری کی اپنی ہدایت پر عمل نہ کیے جانے کے سلسلے میں پانچ ریاستوں پر لگائےگئے جرمانے کی رقم پانچ لاکھ سے بڑھا کر دس لاکھ کردی ہے۔

واضح رہے کہ عدالت نے بھکمری کی وجہ سے ملک میں ہونے والی اموات اور فوڈ سیکورٹی کے سلسلے میں سخت رخ اختیار کرتے ہوئے گزشتہ پیر کو مرکز اور ریاستی حکومتوں کی بےحسی پر جرمانہ لگایاتھا۔ بنچ نے کمیونٹی کچن سے منسلک مفادعاملہ کی عرضی پر 24گھنٹے میں حلف نامہ داخل کرنے والی ریاستوں کو ایک لاکھ روپے دینے اور دیگر پر پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ لگایاتھا۔


اس معاملے میں سپریم کورٹ اور ریاستی حکومتوں سے فوڈ سیکورٹی اور کمیونٹی کچن کے انتظام کے سلسلے میں حلف نامہ داخل کرنے کو کہاگیاتھا۔اس دن تک صرف سات ریاستوں انڈمان ،کرناٹک،پنجاب،جھارکھنڈ،ناگالینڈ اورجموں و کشمیر نے ہی سپریم کورٹ میں حلف نامہ پیش کیاتھا۔ کئی ریاستوں نے حلف نامہ پیش نہیں کیاتھا جس کے سلسلے میں پچھلے پانچ مہینوں سے معاملہ التوا میں ہے۔حیرانی کی بات ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے بھی اس دن تک حلف نامہ پیش نہیں کیاگیاہے۔

عدالت نے کہا کہ جو ریاست 24گھنٹے میں حلف نامہ پیش کریں گی،انہیں ایک لاکھ روپے کا جرمانہ دینا ہوگا،اس کے بعد کچھ ریاستوں نے تو حلف نامہ داخل کردیاتھا لیکن پانچ ریاستوں نے ہدایت کے باوجود ابھی تک حلف نامہ داخل نہیں کیا جس کے بعد آج عدالت نے جرمانے کی رقم بڑھاکر پانچ سے 10لاکھ روپے کردی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔