سپریم کورٹ میں بانکے بہاری مندر کیس کی سماعت 8 اگست تک ملتوی، انتظامی کمیٹی کی تجویز پر غور

سپریم کورٹ نے بانکے بہاری مندر انتظامی تنازعہ پر سماعت 8 اگست تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے کمیٹی تشکیل دینے کا اشارہ دیا جو مندر کے مالی امور کی نگرانی کرے گی

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کے روز بانکے بہاری مندر کی انتظامی کمیٹی کی طرف سے دائر کردہ عرضی پر سماعت کو 8 اگست، جمعہ تک ملتوی کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ درخواست گزاروں کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل کی درخواست پر لیا گیا، جنہوں نے عدالت سے وقت مانگا تاکہ وہ بھی اس معاملے میں اپنے مشورے پیش کر سکیں۔

واضح رہے کہ درخواست گزار، اتر پردیش حکومت کے حالیہ 2025 کے اس آرڈیننس کو چیلنج کر رہے ہیں، جس کے تحت حکومت نے بانکے بہاری مندر کی بہتر نگرانی اور انتظام کے لیے ایک نیا ڈھانچہ متعارف کرایا ہے۔ اس کے علاوہ، درخواست گزاروں نے سپریم کورٹ کے 15 مئی کے اُس فیصلے کو بھی واپس لینے کی مانگ کی ہے، جس میں حکومت کو مندر کے فنڈ کا استعمال کرتے ہوئے کوریڈور تعمیر کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔


اتر پردیش حکومت کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کے ایم نٹراج نے آرڈیننس کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مقصد مذہبی امور میں مداخلت کرنا نہیں بلکہ مندر کے انتظام کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ بانکے بہاری مندر کا تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے بہت بڑا مقام ہے اور روزانہ ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند یہاں آتے ہیں۔ اس صورت میں، مندر کے فنڈز کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لیے بہتر نگرانی کی ضرورت ہے۔

سپریم کورٹ نے حکومتی موقف کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ تجویز مجموعی طور پر اسی سمت میں ہے جس کا اشارہ عدالت پہلے ہی دے چکی ہے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ایک ایسی آزاد کمیٹی بنانے پر غور کر رہی ہے، جو مندر کے روزمرہ کے انتظامات، اخراجات اور فنڈز کی نگرانی کرے گی۔ اس کمیٹی کی سربراہی ہائی کورٹ کے کسی ریٹائرڈ جج یا کسی سینئر ڈسٹرکٹ جج کو سونپی جا سکتی ہے۔


کپل سبل نے عدالت سے گزارش کی کہ چونکہ معاملہ سنجیدہ نوعیت کا ہے اور عقیدت مندوں کے جذبات سے جڑا ہے، اس لیے ان کے مؤکلین کو بھی اپنی تجاویز رکھنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ عدالت نے ان کی اس گزارش کو قبول کرتے ہوئے مزید سماعت کے لیے جمعہ، 8 اگست کی تاریخ مقرر کر دی۔