جھارکھنڈ اسمبلی میں 7721.25 کروڑ کا ضمنی بجٹ پیش، ’مئیاں سمّان یوجنا‘ پر خصوصی توجہ

جھارکھنڈ حکومت نے پیر کو مالی سال 26-2025 کے لیے 7721.25 کروڑ روپے کا ضمنی بجٹ ایوان میں پیش کیا۔ اس سے قبل حکومت نے مانسون اجلاس کے دوران 4296.62 کروڑ روپے کا پہلا ضمنی بجٹ صوتی ووٹ سے پاس کیا تھا۔

جھارکھنڈ اسمبلی، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

جھارکھنڈ حکومت نے پیر (8 دسمبر) کو اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوسرے روز مالی سال 26-2025 کے لیے 7721.25 کروڑ روپے کا ضمنی بجٹ پیش کیا۔ اسے وزیر خزانہ رادھا کرشنا کشور نے ایوان میں پیش کیا۔ ضمنی بجٹ میں مطالبات پر بحث منگل (9 دسمبر) کو ہوگی۔ واضح رہے کہ رواں سال 25 اگست کو مانسون اجلاس کے دوران ایوان نے 4296.62 کروڑ روپے کا پہلا ضمنی بجٹ صوتی ووٹ سے پاس کیا تھا۔

مختلف محکموں کی جانب سے تقریباً 13000 کروڑ روپے کے ضمنی بجٹ کے مطالبات بھیجے گئے تھے۔ محکمہ وار تجاویز کا جائزہ، ترجیحات اور مالیاتی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ خزانہ نے اسے کم کر تقریباً 7721.25 کروڑ روپے پر حتمی منظوری دی۔ ریاستی حکومت کا مقصد مالی سال کی بقیہ مدت میں اہم منصوبوں کو تیز کرنے اور مرکزی و ریاستی حکومت کی سطح پر زیر التوا ادائیگیوں کا ایڈجسٹمنٹ کرنا ہے۔


ضمنی بجٹ میں ’مئیاں سمان یوجنا‘ کو ترجیح دی گئی ہے۔ ’چیف منسٹر مئیاں سمان یوجنا‘ کے لیے سب سے زیادہ رقم کا التزام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ادھورے اور جاری ترقیانی منصوبوں کے لیے بھی رقم کا التزام کیا گیا ہے۔ غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے منصوبوں کو بھی ضمنی بجٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ پنچایتوں اور شہری اداروں کے لیے اضافی رقم مختص کرنے کا بھی التزام کیا گیا ہے۔ صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں اور اراکین اسمبلی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق چیزوں کو بھی ضمنی بجٹ میں جگہ دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں وزیر خزانہ رادھا کرشنا کشور نے ریاستی اسمبلی میں مالی سال 26-2025 کے لیے 1.45 لاکھ کروڑ روپے کا سالانہ بجٹ پیش کیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ جھارکھنڈ اسمبلی کا سرمائی اجلاس جمعہ (5 دسمبر) سے شروع ہوا تھا اور یہ 11 دسمبر تک چلے گا۔ سرمائی اجلاس کے دوران 5 کام کے دن ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔